فوج میں بھرتی نہ ہونا بڑی غلطی ، ممتاز سیاستدان ، ماہر تعلیم عبدالمنان سیٹھ کا بیان
بیدر۔ اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت پورے بھارت میں ہوچکی ہے اور ہورہی ہے۔ جس سے دیش کابچہ بچہ واقف ہے لیکن مرکزی حکومت اپنے موقف اوریک طرفہ منصوبوں سے باز نہیں آرہی ہے۔ یہاں تک کہاگیاکہ اگر نوجوانوں کو فوجی تربیت دینے کے چارسال بعد انہیں واپس گھر بھیج دیاگیاتواس سے ملک میں انارکی پھیلے گی۔یہ بیان ممتاز سیاست دان، سماجی کارکن اور ماہر تعلیم جناب عبدالمنان سیٹھ نے 26؍جولائی منگل کو دیاہے۔اور آگے مسلم نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اگنی پتھ اسکیم سے دور نہ رہیں۔ کیونکہ اگنی پتھ اسکیم میں بھرتی کا عمل شروع ہوگیاہے۔ اس اسکیم سے دوررہنے سے پالیسی سازوں کی پالیسی کامیاب ہوجائے گی ۔ لہٰذا فوری طورپرمسلم نوجوان اپنی صحت کاخیال رکھنا شروع کردیں ۔ روز ورزش کریں اور اگنی پتھ اسکیم میں منتخب ہونے کے لئے خصوصی کوشش شروع کردیں ۔یہ بات درست ہے کہ فوج میں چارسال کے لئے بھرتی اسکیم کے ذریعہ فوجی جوانوں کی گریما کم کردی گئی ہے جس کی ہم سخت ترین مخالفت کرتے ہیں لیکن 4سال کے لئے کنٹراکٹ بنیاد پردی جانے والی اس نوکری سے مسلمان علیحدہ بھی نہیں رہ سکتے۔ اگر ایسا ہواتو یہ سب سے بڑی غلطی ہوگی۔ ہمارافوج کی اس اسکیم میں حصہ نہ لینا ان کے منصوبوں پر بلاروک ٹوک عمل آوری ہوگی۔ جو ایک خطرناک بات ہے۔ بلاشبہ مسلم نوجوان آج حد سے زائد بیروزگار ہے۔ اگر اس کو چارسال کے لئے روزگارمل رہاہے ۔ فوجی تربیت مل رہی ہے اوراس کی جسمانی صحت بہتر ہورہی ہے تو یہ اچھی بات ہوگی۔ ماناکہ چار سال بعدفوج کی ملازمت سے فارغ کردئے جائیں گے لیکن حکومت کا وعدہ ہے کہ فارغ ہونے کے بعد وہ مختلف میدانوں میں ان فوجیوں کو روزگار دے گی ۔ جناب عبدالمنان سیٹھ نے بتایاکہ اگنی پتھ اسکیم میں حصہ لینے والوں کی تعلیمی قابلیت ششم تا بارہویں جماعت رکھی گئی ہے۔ اگنی پتھ اسکیم کے تحت ہرفوجی کو 15ہزارروپئے ماہانہ چار سال تک دئے جائیں گے اور چارسال بعدکوئی وظیفہ نہیں رہے گا۔ البتہ فوجی تربیت پوری ملے گی ۔اس سنہرے موقع کو مسلم نوجوان گنوائیں نہیں۔ خواہشمند نوجوان( اور طلبہ )یکم اگست سے 30اگست تک اپنے ضروری دستاویزات کے ساتھ www.joinindianarmy.nic.in پر آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ موبائل نمبر اور ای میل آئی ڈی بھی رجسٹرکراناہوگا ۔ غلط معلومات دینے سے پرہیز ورنہ اس سے آپ ہی کا نقصان ہوگا۔ موصوف نے دیگر سماجی کارکنان سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ مسلمانوں میں اگنی پتھ اسکیم کے تعلق سے بیدار ی لائیں۔اس اسکیم کی مخالفت ضرورکریں لیکن عملاًحصہ بھی لیں۔