اگنی پتھ پر صفائی کیلئے حکومت ’کسی اور کو‘ آگے نہ کرے :اکھلیش یادو

   

لکھنؤ: آرمی تقرری اسکیم ’اگنی پتھ‘ کے سلسلے میں اترپردیش سمیت ملک کے کچھ حصوں میں پیدا عدم اطمینان کے درمیان سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے آرمی کا نام لئے بغیر بی جے پی پر طنز کستے ہوئے کہا کہ’ اگنی پتھ‘ کی پالیسی حکومت نے بنائی ہے اس لئے حکومت اور بی جے پی کے ترجمان کسی اور کو آگے نہ کریں۔ یادو نے پیر کو ٹوئٹ میں لکھا’ اگنی پتھ’کی پالیسی حکومت نے بنائی ہے لہذا حکومت و حکمراں جماعت کے ترجمان اس سے متعلق صفائی کیلئے کسی اور کو آگے نہ کریں۔ انہوں نے کہا’امیر کاروباریوں کی آمدنی کی سیکورٹی سے زیادہ ضروری ملک کا تحفظ ہے اس لئے جو بھی بجٹ کم پڑ رہا ہے اس کے لئے حکومت کارپوریٹ پر اضافی ٹیکس لگائے۔ حکومتوں کا فرض ملک کے حال کو بہتر کرنے اور مستقبل کو سنوارنا ہوتا ہے ۔ بی جے پی حکومت کی چوطرفہ مخالفت اس بات کا غمازہے کہ بی جے پی نے عوامی حمایت کھو دی ہے ۔

قابل ذکر ہے کہ اگنی پتھ اسکیم کے سلسلے میں اتوار کو تینوں افواج کے سربراہوں نے دہلی میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ اگنی پتھ اسکیم کا مقصد افواج کو نوجوان اور زیادہ طاقت ور بنانا ہے اور اس اسکیم کو واپس نہیں لیا جائے گا۔ اور اس کی مخالفت میں پرتشدد مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کی افواج میں تقرری نہیں ہوگی۔