2605 مسافروں کا ڈیجیٹل یاترا کے تحت اندراج، محکمہ شہری ہوا بازی کے منصوبہ میں وسعت
حیدرآباد۔15 ڈسمبر(سیاست نیوز) حکومت ہند کے محکمہ شہری ہوابازی کی جانب سے ائیر پورٹ پر چہرے کی شناخت کے ذریعہ داخلہ کے منصوبہ کی شروعات کے مثبت نتائج برآمد ہونے لگے ہیں اور شہری ائیر پورٹ پر اب تک605 2مسافرین نے ڈیجی یاترا (ڈیجیٹل یاترا)کے تحت شروع کردہ اس منصوبہ کے تحت اپنا اندراج مکمل کروایا ہے۔حکومت ہند نے ملک کے بیشتر ائیر پورٹس پر اس منصوبہ کا اعلان کیا ہے اور دہلی کے اعداد وشمار کے مطابق 2605 مسافرین سے ستمبر سے اب تک کے دوران اپنی تفصیلات کا اندارج یقینی بنایا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ حکومت ہند کے محکمہ شہری ہوابازی کی جانب سے اس منصوبہ کو مزید وسعت دینے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔چہرے کی شناخت کے ذریعہ ائیر پورٹ میں داخلہ سے ہوائی جہاز میں داخلہ تک کو یقینی بنانے کے منصوبہ کو دہلی ٹرمنل پر وستارا ائیرلائنس کے ساتھ ماہ ستمبر میں شروع کیا گیا تھا اور اب 12ڈسمبر تک کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو اس کے مطابق ہندستان کے دارالحکومت میں مسافرین نے اس نئی تکنیک کو اختیار کرنا شروع کردیا ہے ۔محکمہ شہری ہوابازی کی جانب سے شروع کئے جانے والے اس منصوبہ کا مقصد مسافرین کی سہولت کے ساتھ ان کے ریکارڈس کو یکجا کرنے کے علاوہ مسافرین کے وقت کو بچانا ہے۔چہرے کی شناخت کے ذریعہ داخلہ کیلئے اندراج کی صورت میں مسافرین کو ائیر پورٹ پر طویل قطاروں میں کھڑے ہوکر اپنے دستاویزات اور ٹکٹ کی تنقیح کروانے کی ضرورت باقی نہیں رہے گی بلکہ ائیر پورٹ میں داخلہ سے ہوائی جہاز میں سفرتک چہرے کی شناخت کرنے والے کیمرے اور سافٹ وئیر کے ذریعہ بغیر کسی روک ٹوک کے مسافرین پہنچ سکتے ہیں جس سے ان کا نہ صرف وقت محفوظ ہوگا بلکہ انہیں داخلہ کے لئے شناختی کارڈ اور ٹکٹ کی تنقیح کے علاوہ دیگر امور کے لئے قطار میں کھڑے رہنے کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔