ایئر انڈیاکے بعد انڈیگو نے بھی پروازوں پر فیول چارج لگا دیا

   

425 سے2,300 روپے تک فیول چارجز کا فیصلہ‘ 14 مارچ سے لاگو

نئی دہلی۔14؍مارچ ( ایجنسیز )ایئر انڈیا گروپ کی جانب سے گھریلو اور بین الاقوامی راستوں پر ایندھن کے اضافی فیول چارج کے اعلان کے تین دن بعد انڈیگو نے کہا کہ اس نے گھریلو اور بین الاقوامی پروازوں کے ٹکٹوں پر 425 روپے سے لیکر 2,300 روپے تک کے فیول چارجز لگانے کا فیصلہ کیا ہے جو 14 مارچ ہفتہ سے لاگو ہو گیا۔ اس اقدام سے پروازوں کے کرایوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ یہ اعلان امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے تناظر میں جیٹ ایندھن کی قیمتوں میں زبردست اضافے کے درمیان سامنے آیا ہے۔ایئر لائن نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ گھریلو پروازوں اور برصغیر پاک و ہند کے اندر پروازوں کے لیے فیول چارج 425 روپے ہو گا جب کہ مشرق وسطیٰ کی خدمات کیلئے یہ 900 روپے ہو گا۔ جنوب مشرقی ایشیا اور چین، افریقہ اور مغربی ایشیا کی پروازوں کیلئے فیول چارج 1,800 روپے اور یورپ کی پروازوں کیلئے 2,300 روپے ہوگا۔ایوی ایشن ٹربائن فیول (اے ٹی ایف) ایئر لائن کے آپریشنل اخراجات کا تقریباً 40 فیصد ہے۔ فیول چارج متعارف کرانے کا اعلان کرتے ہوئے ایئر لائن نے کہا کہ یہ اقدام مشرق وسطیٰ میں جاری جغرافیائی سیاسی مسائل کے بعد ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کی وجہ سے اٹھایا گیا ہے۔ایئر لائن نے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں اس اضافے کے تمام اثرات کو دور کرنے کیلئے کرایوں میں کافی حد تک ایڈجسٹمنٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔ انڈیگو نے فیول چارج کے طور پر نسبتاً کم رقم بڑھائی ہے۔ایئر انڈیا نے ایکس کے ایک پوسٹ میں کہا کہ اس ہفتے کے شروع میں منگل 10 مارچ کو ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے ٹکٹوں پر فیول چارج کا اعلان کیا تھا۔ ایئر انڈیا گروپ نے خلیجی خطے کی جغرافیائی سیاسی صورتحال کے باعث جیٹ فیول کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کے بعد، گھریلو اور بین الاقوامی راستوں پر ایندھن کے اضافی سرچارجز کا اعلان کیا ہے۔ نئے ایندھن کے سرچارجز ۔ جو ایئر انڈیا ایکسپریس پر بھی لاگو ہوتے ہیں 12 مارچ سے مرحلہ وار متعارف کرائے جائیں گے۔