نئی دہلی۔ 28 فروری (یو این آئی) مشرقِ وسطیٰ کی سنگین اور دھماکہ خیز صورتحال کے پیشِ نظر ہندوستانی فضائی کمپنیوں نے وہاں جانے اور وہاں سے آنے والی اپنی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ٹاٹا گروپ کی فضائی کمپنی ایئر انڈیا نے ہفتہ کے روز ایک ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے مشرقِ وسطیٰ کے لیے اپنی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ اس سے قبل، تل ابیب جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز اے آئی 139 کو اسرائیل کی فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے آدھے راستے سے ہی دہلی واپس آنا پڑا تھا۔ ایئر لائن نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھر سے نکلنے سے پہلے اپنی پرواز کی تازہ ترین صورتحال چیک کر لیں۔نجی فضائی کمپنی انڈیگو نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری ایڈوائزری میں آج رات 12 بجے تک مشرقِ وسطیٰ جانے والی اپنی تمام پروازیں منسوخ کرنے کی اطلاع دی ہے ۔