ایجنسیوں کے ذریعہ بنائی گئی حکومت کبھی بھی گر سکتی ہے: ممتا بنرجی

   

نئی دہلی : سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ جو چند دنوں کے لیے اقتدار میں آئے ہیں وہ چند دنوں کے مہمان ہیں۔ دہلی حکومت چلنے والی نہیں ہے، وہ حکومت گرنے والی ہے۔ ہم ایک دن دیکھیں گے کہ یہ حکومت گرے گی۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے 21 جولائی کو کولکتہ کے ایسپلینیڈ میں یوم شہدا کی ریلی نکالی۔ اس ریلی میں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی ) کے لیڈروں کے علاوہ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بھی شرکت کی۔ لوک سبھا اور اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں کامیابی کے بعد بنگال میں ٹی ایم سی کی یہ پہلی بڑی ریلی تھی۔ اس ریلی میں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ نے بی جے پی پر سخت حملہ کیا ہے۔ ٹی ایم سی کی یوم شہدا کی ریلی میں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ بنگال کے ساتھ انڈیا کے تعلقات اچھے ہوں۔ انہوں نے اکھلیش یادو کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ (اکھلیش یادو) یہاں آئے، میں آپ کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ میں سماجوادی پارٹی کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں جو آپ نے اتر پردیش میں کھیل دکھایا ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں آپ سے متفق ہوں کہ دہلی میں حکومت نے ایجنسی لگا کر، الیکشن کمیشن لگا کر جو حکومت بنائی ہے وہ حکومت مستحکم نہیں، وہ حکومت کبھی بھی گر سکتی ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ترنمول کانگریس واحد پارٹی ہے جس کی منتخب خواتین میں سے 38 فیصد اراکین پارلیمنٹ خواتین ہیں۔