ایرانی عوام کی تقدیر خود ان کے ہاتھ میں ہے

, ,

   

واشنگٹن ۔ 28 فروری (ایجنسیز) امریکی صدر اور اسرائیلی وزیر اعظم نے الگ الگ پیغامات میں ایرانی عوام کو اقتدار سنبھالنے کی ترغیب دی ہے۔ ٹرمپ اور نیتن یاہو نے ایران پر مشترکہ حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے ایرانی حکومت کو ختم کرنے کے اعلانات کیے ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی فوج نے ایران میں ”بڑی عسکری کارروائیاں‘‘ شروع کر دی ہیں، یوں اسرائیل کی جانب سے شروع کیے گئے حملوں میں واشنگٹن کی شمولیت کی تصدیق ہو گئی ہے۔ صدر ٹرمپ نے 28 فروری بروز ہفتہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہمارا مقصد ایرانی حکومت کی جانب سے لاحق فوری خطرات کو ختم کر کے امریکی عوام کا دفاع کرنا ہے، وہ سفاک اور نہایت سخت لوگ ہیں۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب امریکہ نے تہران کو اس کے نیوکلیر پروگرام کو محدود بنانے پر آمادہ کرنے کے لیے خطہ میں اپنی فوجی موجودگی میں نمایاں اضافہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ ایران میں حالیہ مہینوں کے دوران وسیع احتجاجی مظاہروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن بھی جاری رہا۔ صدر ٹرمپ اس سے قبل خبردار کر چکے تھے کہ اگر نیوکلیر مسئلے پر کوئی سفارتی حل نہ نکلا تو فوجی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ جنیوا میں ایران اور امریکہ کے نمائندوں کے درمیان حالیہ بالواسطہ مذاکرات جمعرات کو بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہو گئے تھے۔ فوجی کارروائی کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ کبھی بھی نیوکلیر ہتھیار حاصل نہیں کر سکتے۔یہ بیان ایسے وقت پر دیا گیا، جب اسرائیل پہلے ہی ایران پر پیشگی حملہ کرنے کا اعلان کر چکا تھا۔ صدر ٹرمپ نے ایران پر حملوں کو ایک عظیم مشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ایران کے نیوکلیر ہتھیاروں اور ایسے میزائل نظام کے حصول کی کوششوں کے باعث ضروری تھا، جو امریکہ تک پہنچ سکتے ہیں۔