ایران: آئل ٹینکر حملے سے متعلق الزامات مسترد

   

تہران ۔ ایرانی حکومت نے مرسر اسٹریٹ نامی آئل ٹینکر پر 29 جولائی کو ہوئے حملے سے متعلق
G-7
ممالک کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے انہیں مسترد کر دیا ہے۔ ایرانی فوج کے ترجمان نے سوال اٹھایا ہے کہ امریکہ سمندر سے دریافت ہونے والے جس ڈرون کے پرزے ثبوت کے طور پر پیش کر رہا ہے، ان کا کس لیبارٹری میں معائنہ کیا گیا؟ قبل ازیں ترقی یافتہ ممالک کے گروپ جی سیون نے آئل ٹینکر پر حملے کا الزام ایران پر عائد کیا تھا۔ اس حملے میں ایک برطانوی شہری اور رومانیہ سے تعلق رکھنے والا ایک شخص ہلاک ہو گئے تھے۔ امریکہ، برطانیہ، فرانس، جرمنی، کینیڈا، اٹلی اور جاپان کے ساتھ ساتھ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ ہدف بنا کر کیا جانے والا دانستہ حملہ تھا، جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔