ایران سے تاحال 827 ہندوستانیوں کی بہ حفاظت واپسی

   

باقی ہندوستانیوں کی جلد واپسی کے اقدامات: وزارت خارجہ

نئی دہلی ۔21؍جون(ایجنسیز )اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ کی شدت بڑھتی دیکھ کر ہندوستان نے ’آپریشن سندھو‘ کی رفتار بھی تیز کر دی ہے۔ لگاتار ہندوستانی باشندوں کی بہ حفاظت ہندوستان واپسی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس تعلق سے وزارت خارجہ نے ہفتہ کے روز جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر 827 ہندوستانی شہری ایران سے بہ حفاظت ہندوستان لوٹ چکے ہیں۔ ان میں طلبا، مذہبی سیاح اور دیگر شہری شامل ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ’آپریشن سندھو‘ گزشتہ چہارشنبہ 18 جون کو لانچ کیا گیا تھا اور اس کے تحت لگاتار چارٹرڈ فلائٹس کے ذریعہ لوگوں کو بہ حفاظت دہلی لایا جا رہا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ جاری کر کے بتایا کہ مشہد سے مزید ایک پرواز ایران میں موجود 310 ہندوستانی شہریوں کو لے کر 21 جون کو 4.30 بجے نئی دہلی پہنچی۔ اس کے ساتھ ہی ایران سے مجموعی طور پر 827 ہندوستانیوں کو نکال لیا گیا ہے۔اس سے قبل ہفتہ کی علی الصبح بھی رندھیر جیسوال نے ’ایکس‘ پر ’آپریشن سندھو‘ سے متعلق ایک پوسٹ کی تھی۔ اس میں انھوں نے مطلع کیا تھا کہ جمعہ کی شب 11.30 بجے ایک خصوصی پرواز ایران سے 290 ہندوستانیوں کو لے کر دہلی پہنچی۔ اس میں بڑی تعداد میں طلبا اور مذہبی سیاحوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی شامل تھیں۔دی گئی جانکاری کے مطابق وزارت خارجہ کے سکریٹری (سی پی وی اور او آئی اے) ارون چٹرجی نے گزشتہ شب ایئرپورٹ پر ہندوستانی مسافروں کا استقبال کیا۔ جیسوال نے ایرانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

آپریشن سندھو‘ کے تحت ہفتہ کی صبح بھی ایک فلائٹ ترکمانستان کی راجدھانی سے دہلی پہنچی۔ یہ پرواز بھی ایران میں پھنسے ہندوستانیوں کو بہ حفاظت نکالنے کی کوششوں کا نتیجہ ہی تھی۔ ہفتہ کی صبح اور شام ہندوستان پہنچی فلائٹ کے ساتھ ہی ’آپریشن سندھو‘ کے تحت ہندوستان لوٹے شہریوں کی مجموعی تعداد 827 ہو گئی ہے۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس مہم کو ضرورت کے مطابق آگے بھی جاری رکھا جائے گا اور پھنسے ہوئے ہر شہری تک مدد پہنچائی جائے گی۔