ایران معاملہ پر مجھے پھنسانے کی تیاری : ٹکر کارلسن

   

نیویارک ۔ 16 مارچ (ایجنسیز) معروف امریکی صحافی ٹکر کارلسن نے دعویٰ کیا ہے کہ سی آئی اے نے جنگ سے قبل ان کے پیغامات تک رسائی حاصل کی تاکہ ان پر غیر ملکی ایجنٹ کے طور پر کام کرنے کا الزام لگایا جا سکے۔ٹکر کارلسن نے ایک ویڈیو میں کہا کہ محکمہ انصاف ان کے خلاف فوجداری تحقیقات کی تیاری کر رہا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے جنگ کے آغاز سے قبل ایران کے اندر موجود افراد سے رابطہ کیا تھا۔ کارلسن پر 1938 کے فارن ایجنٹس رجسٹریشن ایکٹ کے تحت فردِ جرم عائد کی جا سکتی ہے۔امریکی صحافی ٹکر کارلسن نے ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف امریکہ کے وفادار ہیں اور انہوں نے تہران سے کوئی رقم نہیں لی۔ کارلسن نے کہا غیر ملکی ذرائع سے بات کرنا ان کے صحافتی کام کا حصہ ہے۔ وہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کا باعث بننے والے فوجی آپریشن کے سخت ناقد رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ جنگ اسرائیل کی ایما پر لڑی جا رہی ہے۔ کارلسن اور ڈونالڈ ٹرمپ کے تعلقات میں بھی اس معاملے پر کشیدگی آئی ہے۔