تہران ۔ 28 فروری (ایجنسیز) ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ فضائی اور سمندری حملوں کے بعد ملک میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل کر دی گئی جبکہ متعدد ایرانی نیوز ویب سائٹس ہیک ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔ ایرانی میڈیا اور سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق آج (ہفتہ کے روز) ایران کی کئی خبر رساں ویب سائٹس ہیک کر دی گئیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق متاثرہ ویب سائٹس میں ارنا، اسنا، تبنک اور عصرِ ایران شامل ہیں، جبکہ میڈیا پلیٹ فارمز کو نشانہ بنانے والے وسیع تر سائبر حملوں کی اطلاعات بھی سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا کے مطابق ایران بھر میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز معطل کر دی گئی ہے۔ ایرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں انٹرنیٹ تک رسائی، موبائل نیٹ ورکس اور ٹیکسٹ میسج سروسز بتدریج معطل ہو رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ملک میں انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی اور موبائل سگنلز میں رکاوٹیں سامنے آئی ہیں، جس سے عوام کو آن لائن مواصلات کے استعمال میں دشواری کا سامنا ہے۔