ایران میں مظاہروں کے ذمہ دار ٹرمپ اور نیتن یاہوہیں

   

تہران، یکم فروری (یو این آئی) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران میں مظاہروں کے ذمہ دار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو ہیں۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے پُرتشدد مظاہروں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ، نیتن یاہو اور یورپی ملکوں نے مظاہرین کو مسلح کیا، امریکی صدر، اسرائیلی وزیراعطم اوریورپی ملکوں نے ملک کے ٹکڑے کرنے کی سازش کی۔ ایرانی صدر نے کہا کہ عام سماجی احتجاج میں لوگ اسلحہ نہیں اٹھاتے ، عام سماجی احتجاج میں لوگ ایمبولینس یا بازاروں کو آگ نہیں لگاتے ۔ مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ ہم حقیقی مظاہرین کی بات سننے اور ان کے مسائل حل کرنے کو تیار ہیں، ایرانی عوام نے متحد ہوکر دشمن کے ایجنڈے کو شکست دی۔ چند روز قبل ترکیہ کے وزیر خارجہ بھی کہہ چکے ہیں کہ ان کا ملک اس بات کا مشاہدہ کررہا ہے کہ اسرائیل، ایران پر فوجی حملہ کرنے کے لیے امریکا کو اکسا رہا ہے ، تاہم ترکیہ خطے میں کسی نئی جنگ یا عدم استحکام کے حق میں نہیں ہے ۔ ترکیہ کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران میں امن اور استحکام ترکیہ کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات تمام پڑوسی ممالک تک پھیل سکتے ہیں۔