ایران میں 5.9 شدت کا زلزلہ، 75 افراد زخمی

   

تہران، 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مغربی ایران کے کرمانشاہ صوبے کے گیلانغرب شہر میں اتوار کو زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس ہوئے جس کی وجہ سے کم از کم 75 افراد زخمی ہو گئے ۔ایران کے ایمرجنسی سروس محکمہ کے سربراہ پیر حسین خلیفند نے یہ اطلاع دی ہے ۔ ریختر پیما پرا س زلزلے کی شدت 5.9 ناپی گئی ہے ۔ ایران کے زلزلہ مطالعاتی مرکز کے مطابق ریخترپیما پر اس زلزلے کے 3.0 سے 4.8 شدت کے کم از کم 15 جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ایک میڈیکل افسر نے بتایا کہ زلزلہ سے گھبراکر کئی افراد اپنے مکانات سے بھاگے جس کی وجہ سے زیادہ تر لوگ زخمی ہوگئے اور کچھ رہائشی عمارتوں کوبھی نقصان پہنچا ہے ۔ زلزلے کی وجہ سے گیلانغرب شہر میں لوگوں کو پینے کے پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ انتظامیہ نے لوگوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ پیر کو گیلانغرب شہر میں سبھی اسکول بند رہیں گے ۔ زلزلے کے جھٹکے پڑوسی صوبہ لاریستان کے علاوہ عراق میں بھی محسوس کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ نومبر 2017 میں ایران ۔عراق سرحد کے سرپل ذہاب علاقے میں 7.3کی شدت سے آئے زلزلے کی وجہ سے 211افراد کی موت ہوگئی تھی۔