طے شدہ وقت اور مقام پر جواب دینگے : اسرائیل ۔امریکی افواج کو اسرائیل کی مدد کیلئے بائیڈن کی ہدایت
تہران / یروشلم : مشرق وسطی میں جنگ اور علاقائی کشیدگی کے اندیشوں کے دوران آج رات ایران نے اسرائیل پر سینکڑوں بیالسٹک میزائیل داغے ۔ ایران کے اس حملے کے فوری بعد اسرائیل کے کئی شہروں میں جنگ کے سائرن بج اٹھے اور عوام بنکروں میں پناہ لینے بھاگنے لگے ۔ کہا گیا ہے کہ ایران نے اسرائیل کی سفاکیت اور جارحیت کا جواب دیتے ہوئے صیہونی مملکت پر بیالسٹک میزائیلوں کی بارش کردی ۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ایران نے 100 سے زیادہ میزائیل اسرائیل کے کئی علاقوں پر داغے ہیں۔ مغربی میڈیا نے دعوی کیا کہ ایران سے اسرائیل پر جملہ 400 میزائیل داغے گئے ہیں۔ ایران کے حملوں کے بعد ملک بھر میں الارم بجنا شروع ہوگئے تھے اور بیت المقدس ‘ دریائے اردن کی وادی اور دوسرے مقامات پر اسرائیلی شہریوں نے فوجی شیلٹرز میں پناہ لی ۔ کئی مقامات سے دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں جبکہ سرکاری ٹی وی پر لائیو پروگرام پیش کرتے ہوئے کچھ رپورٹرس حملوں کے دوران زمین پر لیٹ گئے ۔ ایران نے دعوی کیا ہے کہ اس نے حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ اور پاسداران انقلاب کے جنرل عباس نیل فروشاں کے قتل کے جواب میں یہ کارروائی کی ہے ۔ پاسداران انقلاب نے یہ بھی کہا ہے کہ حماس کے رہنما اسمعیل ہنیہ کے قتل کے جواب میں بھی یہ کارروائی کی گئی ہے ۔ ایران کے حملوں میں کسی طرح کے جانی نقصانیت کی کوئی اطلاع نہیں دی ہے جبکہ بعد میں اسرائیل نے واضح کیا کہ اس نے ایران کے میزائیل حملوں کو اپنے آئرن ڈوم کی مدد سے ناکام بنادیا ہے اور فی الحال اسے کوئی خطرہ درپیش نہیں ہے ۔ اسرائیل نے اپنے شہریوں کو بنکروں سے واپس آجانے کی بھی ہدایت دی ہے ۔ اسرائیل کے خلاف یہ حملے ایسے وقت میں کئے گئے ہیں جبکہ لبنان میں کل ہی اسرائیل کی جانب سے فوجی کارروائی شروع کی گئی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے خلاف محدود فوجی طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔ اس دوران کہا گیا ہے کہ صدر امریکہ جو بائیڈن نے امریکی فوج کو ہدایت دی ہے کہ وہ اسرائیل کے دفاع میں مدد فراہم کرنے کیلئے تیار رہے ۔ واضح رہے کہ آج ہی ایک وائیٹ ہاوز عہدیدار نے کہا تھا کہ امریکہ کو یقین ہے کہ اسرائیل پر ایران کی جانب سے حملے کئے جائیں گے اور ایران اس کی تیاری بھی کر رہا ہے۔ انہوں نے انتباہ دیا تھا کہ اگر ایران فوجی کارروائی کرتا ہے تو اس کے عواقب کا اسے سامنا کرنا پڑے گا ۔ ایران نے آج اپنے حملوں کے بعد ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیلی افواج ان حملوں کے جواب میں کوئی کارروائی کرتی ہے تو اسے اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔ پاسداران انقلاب نے دعوی کیا ہے کہ اسرائیل کی فوجی تنصیبات کو ان حملوں کے ذریعہ نشانہ بنایا گیا ہے ۔ اسرائیل کی جانب سے اِن حملوں کا جواب دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ صیہونی ملک نے کہاکہ وہ اپنے طے شدہ وقت اور مقام پر جوابی کارروائی ضرور کرے گا۔