ایران نے پہاڑوں کو ’نیوکلیئر ری ایکٹرز‘ بنادیا

   

واشنگٹن: مصنوعی سیاروں سے حاصل ہونے والی تصاویر کی روشنی میں امریکی اور عالمی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ ایرانی حکومت پہاڑوں کو ‘جوہری ری ایکٹرز’ میں تبدیل کرنے کی پالیسی پر تیزی کے ساتھ عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق زمین پر ہونے والی تبدیلیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹس کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ جولائی میں ایران کے نطنز جوہری پلانٹ میں ہونے والے تباہ کن دھماکوں کے بعد ایران نے عمارت دوبارہ تعمیر کرلی ہے۔ اس کے علاوہ ایرانی حکومت نے اس علاقے میں سڑکوں کا جال بچھا دیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق نطنز جوہری مرکزمیں ہونے والے پراسرار دھماکوں سے ہونے والی تباہی ایران کو اس مرکز کی دوبارہ تعمیر سے باز نہیں رکھ سکی۔ایران کی جوہری توانائی ایجنسی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ دھماکوں سے تباہ ہونے والی عمارت کو وہیں پر دوبارہ تعمیر کیا جائے گاالعربیہ ڈاٹ نے عالمی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا ہے کہ نطنز جوہری پلانٹ تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے اسے عام آنکھ سے تو نہیں دیکھا جاسکتامگر مصنوعی سیاروں سے حاصل ہونے والی تازہ تصاویر نے پہاڑوں کے اندر ایران کی جوہری سرگرمیوں کا بھانڈہ پھوڑ دیا ہے۔