اسرائیلی انڈسٹریل کامپلکس میں آگ بھڑک اٹھی، شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت
تہران ۔ 29 مارچ (ایجنسیز) ایران نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں کیمیکل پلانٹ کو نشانہ بنایا جس کے بعد شہر میں ہنگامی حالات نافذ کردیئے گئے ۔ میڈیا کے مطابق جنوبی اسرائیل میں واقع ایک کیمیکل پلانٹ کو ایرانی میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد حکام نے قریبی علاقوں کے رہائشیوں کو گھروں میں رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔حملے کے دوران بیر شیبہ میں واقع ایک صنعتی پلانٹ کو بھی میزائل سے نشانہ بنایا گیا جہاں ایرانی میزائل مبینہ طور پر عین نشانہ پر لگا۔اس حملے کے بعد پلانٹ سے انتہائی خطرناک کیمیکل کے اخراج کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس حملے میں ایک شخص زخمی ہوا ہے، جبکہ مزید نقصانات کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔حکام کے مطابق صورتحال کے پیش نظر سیکیورٹی اور امدادی ادارے الرٹ ہو چکے ہیں جبکہ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی حکام نے اس اسٹریٹیجک فیسیلٹی سے متعلق خبروں اور معلومات کی ترسیل پر پابندی عائد کر دی ہے۔اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی میزائل حملے کے بعد ملک کے جنوبی علاقے صحرائے نقب میں واقع ایک صنعتی مقام پر آگ بھڑک اٹھی۔زرعی کیمیکلز بنانے والی کمپنی ADAMA نے تصدیق کی ہے کہ اس کا جنوبی اسرائیل میں واقع مکتیشم پلانٹ ایرانی میزائل حملے میں متاثر ہوا۔یہ پلانٹ نیوت ہوواف کے صنعتی علاقے میں واقع ہے۔کمپنی کے مطابق فیکٹری یا تو براہ راست میزائل سے یا میزائل کے ملبے سے متاثر ہوئی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ فیکٹری میں کیمیکل ذخیرہ کرنے والے نقصان زدہ یونٹس کو بند کرنے اور محفوظ بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ علاقے کے قریب نہ جائیں اور گھروں کے اندر رہیں، کھڑکیاں بند رکھیں اور سیکیورٹی و ریسکیو حکام کی ہدایات پر عمل کریں جب تک صورتحال مکمل طور پر واضح نہ ہوجائے۔