تہران ۔ 6 فبروری (ایجنسیز) ایرانی سرکاری میڈیا نے جمعرات کے روز بتایا ہے کہ ملک کے جدید ترین طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں میں سے ایک “خرم شہر 4” کو پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے زیر زمین میزائل شہروں میں سے ایک میں نصب کر دیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق “خرم شہر 4” کی پہنچ دو ہزار کلومیٹر ہے اور یہ 1500 کلوگرام وزنی وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ایرانی سرکاری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ آج میزائل شہروں میں خرم شہر 4 کی عملیاتی تنصیب، مسلح افواج کے نظریے کی دفاعی سے جارحانہ میں تبدیلی کے اعلان کے ساتھ ہم آہنگ ہے … اور یہ خطے اور اس سے باہر موجود دشمنوں کیلئے ایک واضح پیغام ہے”۔ایران کی خبر رساں ایجنسی “فارس” نے ذکر کیا ہے کہ تہران پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے ہیڈ کوارٹر میں ایک نیا زیر زمین میزائل شہر بھی فعال کرنے جا رہا ہے۔تہران نے جون میں اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے بعد اپنی عسکری پالیسی میں بڑی تبدیلی کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت وہ دفاعی پوزیشن سے ہٹ کر “پہلی ضرب لگانے” کی حکمت عملی اپنا رہا ہے۔ اس نئے میزائل کی تنصیب کا مقصد بڑی پہلی ضرب لگانے یا بھرپور جوابی کارروائی کی صلاحیت کا مظاہرہ کرنا ہے۔امریکہ طویل عرصے سے ایران سے یہ مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ اپنے بیلسٹک میزائلوں کی حد مقرر کرے۔ تہران وقتاً فوقتاً نئے ہتھیاروں اور ان کے کامیاب تجربات کے بارے میں رپورٹس جاری کرتا رہتا ہے۔سرکاری رپورٹس کے مطابق تہران کے پاس کئی اقسام کے ایسے میزائل موجود ہیں جن کی مار دو ہزار کلومیٹر تک ہے، جو انہیں اسرائیل میں اہداف کو نشانہ بنانے کے قابل بناتی ہے۔