اقوام متحدہ قیام امن کیلئے فوری اقدامات کرے: سابق ایم پی محمد ادیب
حیدرآباد۔یکم مارچ(سیاست نیوز) عالمی امن کے لئے اقوام متحدہ فوری طور پر حرکت میں آتے ہوئے قیام امن کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرے۔ جناب محمد ادیب سابق رکن پارلیمنٹ و صدر انڈین مسلم فار سیول رائیٹس نے ایران میں رہبراعلیٰ کو نشانہ بنائے جانے پر اپنے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی ایران پر جارحیت قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کو دنیا کے لئے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ نے جس طرح کی کاروائی کا انہیں شکار بنایا ہے وہ انتہائی بزدلانہ ہے اور اس بزدلی کو دنیا یاد رکھے گی ۔ انہو ںنے بتایا کہ اس شہادت نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ حق کی آواز تنہاء بھی بلند ہوسکتی ہے اور حق کی سربلندی کے لئے قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کیا جانا چاہئے ۔ جناب محمد ادیب نے عالمی انصاف پسند تحریکوں کے سربراہان کے علاوہ انسانی حقوق کی تنظیموں کے ذمہ داروں کے علاوہ امن پسند شہریوں سے اپیل کی کہ وہ دنیا میں جنگ کے بجائے مسئلہ کا سفارتی حل نکالنے کے لئے متحرک ہوجائیں تاکہ بین الاقوامی امن کو یقینی بناتے ہوئے انصاف کی حمایت کی جاسکے۔انہوں نے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کو ایک آزاد و خود مختار مملکت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل و امریکہ نے جو کاروائی کی ہے وہ دراصل ملک پر حملہ نہیں بلکہ مشرق وسطیٰ کے ممالک کو جنگ میں دھکیلنے کی کوشش قرارد یتے ہوئے اسے منظم سازش قرار دیا۔ سابق رکن پارلیمنٹ نے اقوام متحدہ سے فوری طور پر بامقصد ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی اور امریکی جارحیت کے خلاف اس اجلاس میں قرارداد منظوری کرتے ہوئے ان ممالک کو اس طرح کی کاروائیوں سے روکنے کے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ انہوں نے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت اور مشرق وسطیٰ و خلیجی ممالک میں جنگ کی صورتحال پر عالمی برادری کی خاموشی کو اس کھلی جارحیت کی بالواسطہ حمایت قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی قوانین کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لئے ایران میں کی گئی کاروائی پر عالمی قائدین کو سوال اٹھانے چاہئے ۔ جناب محمد ادیب نے بتایا کہ آیت اللہ خامنہ ای نے صہیونی ظالموں کے خلاف تنہاء آواز بلند کرتے ہوئے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ حق کی آواز بلند کرنے کے لئے شور شرابے کی نہیں بلکہ جرأت کی ضرورت ہے اور انہوں نے اپنی جرأتمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا اور دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔3