ایران کے ڈرون طیاروں نے امریکی بحری بیڑے کی جاسوسی کی

,

   

پاسداران انقلاب ایران کے ’’ابابیل سوم‘‘ ریڈیائی ڈرون طیارہ کی کامیاب پرواز کا ویڈیو جاری

تہران ۔ /28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) خبررساں ادارے تسنیم نیوز نے اپنے ویب سائٹ پر اتوار کو اطلاع دی ہے کہ ایران کے پاسداران انقلاب کے ڈرون طیارے نے امریکہ کے خلیج میں تعینات بحری بیڑے پر پرواز کرتے ہوئے اس پر کامیابی کے ساتھ نظر رکھنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ مذکورہ ایجنسی کی جانب سے تیار کردہ ایک ویڈیو میں یہ باتیں بتائی گئی ۔ جن کی فوری طور پر تصدیق نہ ہوسکی ۔ تاہم ایک ہلکے نیلے رنگ کے ڈرون کو جس پر فارسی میں ’’ابابیل سوم‘‘ لکھا ہوا تھا پرواز کرتا ہوا دکھایا گیا ۔ اسے سمندر کے قریب واقع صحرائی اڈے سے اڑاتا ہوا دیکھا گیا ۔ سب سے پہلے اس ڈرون نے امریکی بحری بیڑے کی محافظ کشتی پر سے پرواز کی اور اس کے بعد ایک بحری جہاز پر سے پرواز کی جس کے عرشے پر قطار میں جنگی طیارے نظر آرہے تھے ۔ تسنیم ویب سائیٹ پر لکھا گیا کہ ایرانی بحریہ امریکہ کی تمام بحری دہشت گرد افواج پر نظر رکھا ہوا ہے جو خلیج فارس اور اس خطہ میں موجود ہیں ۔ تسنیم نے تاہم یہ نہیں بتایا کہ امریکی بحریہ کا وہ کونسا بحری جہاز تھا اور یہ ویڈیو کب تیار کیا گیا ۔ تسنیم کی یہ خبر امریکہ کی جانب سے پاسداران انقلاب کو غیرملکی دہشت گرد تنظیم کا نام دینے اور اسے اپنی ’’فہرست سیاہ‘‘ میں شامل کرنے کے اعلان کے تین ہفتوں بعد شائع کی گئی ہے ۔ ایران نے امریکہ کے اس اقدام کا فوری جواب دیتے ہوئے امریکی سپاہیوں کو دہشت گرد کا نام دے دیا ۔ پاسداران انقلاب ایران کی ایک ’’نظریاتی فوج‘‘ ہے جو ایران کی بری فوج کے متوازی کام کرتی ہے ۔