واشنگٹن: امریکی ریاست ایری زونا کے شہر ٹکسن میں ٹرین میں فائرنگ سے پولیس اہلکار ہلاک اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ واقعہ میں جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست ایری زونا کے شہر ٹکسن میں مسافر ٹرین میں فائرنگ اس وقت کی گئی جب ٹکسن پولیس کی جانب سے ٹرین میں معمول کی چیکنگ جاری تھی۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ٹکسن پولیس ٹرین میں موجود مسافروں سے منشیات، غیر قانونی اسلحہ اور رقم سے متعلق جانچ پڑتال کر رہے تھے، اسی اثنا میں ملزمان نے پولیس اہلکاروں کو قریب دیکھ کر خطرہ محسوس کیا اور ایک دم فائر کھول دیا جس سے ایک پولیس اہلکار ہلاک اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔خیال رہے پولیس کی جوابی فائرنگ سے ڈرگ ڈیلر ہلاک جبکہ دوسرے کو گرفتار کرلیا گیا ہے، فائرنگ سے ٹرین میں موجود تمام مسافر محفوظ رہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرین میں اس وقت دیڑھ سو افراد سوار تھے جسے خالی کرا لیا گیا ہے اور واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سواٹ ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی تھی اور ٹرین کو قریبی اسٹیشن پر روک لیا گیا تھا۔پولیس چیف کرس میگنس کے مطابق زخمی پولیس اہل کار کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ واقعے کے بعد ٹکسن شہر کے ریلوے اسٹیشن پر سیکیورٹی اور ایف بی آئی اہلکاروں نے ٹرین کو گھیرے میں لے لیا ہے اور حکام نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔