ایس آئی آر پر عوام کی رہنمائی و مدد کیلئے سیاست ہیلپ ڈیسک : عامر علی خاں

   

سال 2002 کی ووٹر لسٹ میں شامل افراد کیلئے فکر کی بات نہیں ، شعور بیداری سمینار سے محمد عبدالمعید کا خطاب
حیدرآباد : 12 فبروری ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں ایس آئی آر ہونے والا ہے اور اس کیلئے چند ایک علاقوں میں فیملی میاپنگ شروع کردی گئی ہے ، ایسے میں عوام کو ایس آئی آر کیلئے درکار دستاویزات تیار رکھنے چاہیئے ، تاہم ڈر و خوف کی کوئی ضرورت نہیں اور یہ ایس آئی آر 2002 کی فہرست رائے دہندگان کی بنیاد پر کی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار سیاست اڈیٹوریم میں ایس آئی آر شعور بیداری سے متعلق سمینار سے خطاب میں تلنگانہ می سیوا فیڈریشن کے جنرل سکریٹری جناب محمد عبدالمعید نے کیا ۔ سمینار کا اہتمام نیوز ایڈیٹر ’سیاست ‘ جناب عامر علی خاں کے قائم کردہ سیاست ہب فاؤنڈیشن سے کیا گیاتھا جس کا مقصد ریاست بالخصوص حیدرآباد کے مسلمانوں میں ایس آئی آر کے تعلق سے شعور بیدار کیا جائے ۔ اپنے خطاب میں جناب عامر علی خاں نے کہا کہ مسلمانوں کو ہمیشہ دھوکہ دیا گیا اور ہر کسی نے یہی سمجھا کہ مسلمانوں کو بآسانی دھوکہ دیا جاسکتا ہے ، انہیں وعدوں کے کھلونوں سے بآسانی بہلایا جاسکتا ہے ۔ ایسے میں مسلمان بھی حفظ ماتقدم کے طور پر امکانی پریشانیوں سے بچنے کے اقدامات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم روزنامہ ’سیاست ‘ اور سیاست ٹی وی کے ذریعہ مسلمانوں میں شعور بیدار کرتے رہیں گے اور یہی ہمارا مقصد ہیکہ کوئی بھی مسلمانوں کا استحصال نہ کرسکے ۔ جناب عامر علی خاں کے مطابق دفتر سیاست میں انہوں نے ایس آئی آر سے متعلق رہنمائی اور مدد کیلئے ایک ہیلپ ڈسک قائم کیا جو صبح 11بجے تا شام 4 بجے خدمات فراہم کرے گا ۔ جناب محمد عبدالمعید نے ایس آئی آر کیا ہے ؟ اس کا اہتمام کیوں کیا جارہا ہے ؟ اس کے پیچھے کیا مقاصد ہیں ؟ ایس آئی آر کے ضمن میں مسلمانوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی سے کیسے بچنا چاہیئے؟ ان تمام اُمور پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ اگر کسی کا نام ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہے تو فوری فارم 6 پُر کر کے اپنا نام ووٹر لسٹ میں شامل کرلیں ، خاص طور پر ان لڑکے لڑکیوں کے نام شامل کروائیں جن کی عمر 18 سال ہوچکی ہو کیونکہ جن کے پاس 2026 کا ووٹر آئی ڈی ہوگا اسے ہی بوتھ لیول آفیسر BLO Enumeration فارم دے گا اور اگر کسی کا نام 2002 کے ایس آئی آر ( فہرست رائے دہندگان ) میں ہو تو کوئی فکر نہیں ۔ اگر کسی کا نام 2002 کی فہرست میں نہیں ہے لیکن ان کے والدین ، نانا نانی ، دادا دانی کے نام شامل ہوں وہ بھی کافی ہوگا جبکہ کسی کا نام فہرست رائے دہندگان میں شامل ہی نہیں ہے تب انہیں 11 دستاویزات میں سے ایک دستاویز پیش کرنی ہوگی جس میں ایس ایس سی سرٹیفیکٹ ، پاسپورٹ ، سرکاری و نیم سرکاری ادارہ کا شناختی کارڈ شامل ہیں ۔ ڈائرکٹر سیاست ہب فاؤنڈیشن جناب زاہد فاروقی بھی موجود تھے جبکہ محمد ریاض احمد نے کارروائی چلائی ۔ جناب محمد عبدالمعید نے چالیس منٹ خطاب کیا اور شرکاء کے سوالات کے تشفی بخش جواب بھی دئے ۔ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علیخاں نے اعلان کیا کہ اخبار سیاست کے ساتھ سیاست ٹی وی کے ذریعہ وقفہ وقفہ سے عوام کی رہنمائی کی جائے گی ، ان کے شکوک و شبہات اور الجھنوں کو دور کیا جائے گا ۔