کورونا کیسوں کے درمیان امتحانات پر ڈیویژن بنچ کا حکومت سے سوال، آج پھر سماعت ہوگی
حیدرآباد۔ 4 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے 8 جون سے شروع ہونے والے ایس ایس سی امتحانات کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ حکومت کی جانب سے امتحانات کی تیاریوں و احتیاطی تدابیر کے بارے میں عدالت میں رپورٹ پیش کی گئی جس پر ہائی کورٹ نے سوال کیا کہ ریاست میں ایک طرف کورونا کے کیسس میں اضافہ ہورہا ہے، ایسے وقت حکومت کیا ایس ایس سی امتحان کی تیاری کررہی ہے۔ جسٹس آر ایس چوہان اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے ایس ایس سی امتحانات کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ کورٹ نے سابق میں حکومت کو 8 جون سے ماباقی پرچوں کے امتحانات کی اجازت دی تھی۔ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے ہائی کورٹ میں رپورٹ پیش کرکے بتایا کہ حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر تمام تر احتیاطی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے ہر ضلع میں انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انتظامات کے سلسلہ میں ویڈیو پرنٹیشن کیلئے بھی تیار ہے۔ حکومت سے جو اقدامات کئے گئے ان میں امتحانی مراکز کی تعداد کو 2530 سے بڑھاکر 4535 کیا گیا ہے۔ طلبہ کو نئے ہال ٹکٹس جاری نہیں کئے گئے۔ ہر طالب علم کو امتحانی مراکز کے بارے میں اطلاع دی جاچکی ہے۔ تھرمل اسکریننگ، کٹس، ماسک اور گلوس امتحانی مراکز پر سربراہ کئے گئے ہیں۔ امتحانی مراکز پر امیدواروں کی صحت پر نظر رکھنے کے لیے 4535 ڈاکٹرس کو متعین کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے عدالت سے اپیل کی گئی کہ کورونا کیسس میں اضافے کو دیکھتے ہوئے پھر ایک بار امتحانات کو ملتوی کیا جائے کیوں کہ طلبہ اور ان کے سرپرستوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ عدالت نے مقدمہ کی سماعت کل 5 جون تک کے لیے ملتوی کردی۔