مراکز کے ذمہ داروں کو صفائی کے انتظامات کی ہدایت ، محکمہ صحت اور بلدیہ کی لاپرواہی
حیدرآباد۔3جون(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے ایس ایس سی امتحانات کے انعقاد کے انتظامات کے ساتھ اعلانات اور امتحانی مراکز کی تفصیلات جاری کی جا رہی ہیں لیکن اب تک ان امتحانی مراکز میں صفائی کے اقدامات نہ کئے جانے سے امتحانی مراکز کے ذمہ دار تشویش کا شکار ہیں۔ ریاستی حکومت نے 8جون سے ریاست بھر میں ایس ایس سی امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں آج تلنگانہ ہائی کورٹ میں ریاستی حکومت اور محکمہ تعلیم کی جانب سے رپورٹ پیش کی جانی ہے کہ طلبہ اور اساتذہ کی حفاظت کے علاوہ کورونا وائرس کے پھیلنے کو روکنے کے لئے محکمہ تعلیم کی جانب سے کیا اقدامات کئے گئے ہیں لیکن تاحال محکمہ کی جانب سے محض ایس ایس سی امتحا نات کے مراکز کے اعلان کے علاوہ مراکز کے ذمہ دارو ںکو صفائی کے انتظامات یقینی بنانے کے لئے کہا گیا ہے اور انہیں ماسک کے علاوہ دیگر ضروری اشیاء حاصل کرنے کی تاکید کی گئی ہے لیکن جن اسکولوں کو امتحانی مراکز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان اسکولوں میں ہی اب تک جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤکو یقینی بنانے کے اقدامات نہیں کئے گئے ہیں اور نہ ہی اس سلسلہ میں کوئی احکام جاری کئے گئے ہیں جو کہ ایس ایس سی امیدواروں اور اولیائے طلبہ و سرپرستوں میں تشویش کا سبب بنتا جا رہاہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے ایس ایس سی امتحانات کے اعلان کے ساتھ ہی طلبہ میں تشویش پائی جانے لگی تھی لیکن اس تشویش کو دور کرنے کیلئے محکمہ تعلیم نے متعدد اقدامات کرنے کا اعلان کرتے ہوئے 5جولائی تک دو یوم کے وقفہ سے امتحانات کے انعقاد کا اعلان کیا ہے ۔ایس ایس سی مراکز میں جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کے سلسلہ میں محکمہ تعلیم کے ذمہ داروں سے استفسارپر کہا جارہا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے تمام اضلاع میں متعلقہ بلدیات کے علاوہ دیگر اداروں کو اس سلسلہ میں مطلع کیا جاچکا ہے لیکن محکمہ صحت کے عہدیداروں سے دریافت کرنے پر کہا جار ہا ہے کہ بلدیات کی ذمہ داری ہے کہ وہ صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔ بلدی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جب تک ہدایات موصول نہیں ہوتی اس وقت تک وہ اسکولوں کے اندرونی حصوں میں صفائی کے اقدامات کو کس طرح یقینی بنائیں جبکہ محکمہ تعلیم کے منڈل اور ضلع سطح کے عہدیداروں کی جانب سے جن خانگی اسکولوں کو مراکز کے طور پر حاصل کیا گیا ہے ان اسکولوں کے ذمہ داروں کو اس بات کا پابند بنایا جا رہا ہے کہ وہ اسکول میں جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کو یقینی بنائیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے 8جون تا5جولائی ایس ایس سی امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں ٹائم ٹیبل جاری کئے جانے کے بعد مراکز میں حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے احکامات بھی جاری کئے جاچکے ہیں لیکن ان تدابیر پر کس حد تک عمل آوری کی جائے گی اس کے متعلق خود محکمہ تعلیم کے عہدیدار شبہات کا شکار ہیں۔