ایس ایس سی امتحان طلبہ کی تنقیح یا تلاشی لینے پر سوالیہ نشان

   

Ferty9 Clinic

ممتحن اور طلبہ کو اعتراض کا سامنا ہوسکتا ہے ، نقل نویسی سے بچانے حکمت عملی کو قطعیت دینے کی ضرورت

حیدرآباد۔10مئی(سیاست نیوز) ایس ایس سی امتحانات کے دوران محکمہ تعلیم کی جانب سے سماجی فاصلہ کی برقراری کی بات کی جا رہی ہے اور حکومت کی جانب سے کہا جا رہاہے کہ حفاظتی تدابیر اور صفائی کے انتظامات کو یقینی بناتے ہوئے ایس ایس سی امتحانات منعقد کئے جائیں گے لیکن ماہرین تعلیم کا کہناہے کہ امتحانات کے دوران عام طور پر امیدواروں کے درمیان فاصلہ ہوتا ہی ہے لیکن اس کے باوجود ممتحن کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ امیدوار پر کڑی نظر رکھے اور امتحان گاہ میں داخل ہونے سے قبل امیدوارو ںکی جامع تلاشی لینا بھی امتحانی اصولوں میں سے ایک اصول ہے لیکن اب جبکہ کورونا وائرس کے خوف کے سائے میں ایس ایس سی امتحانات کے انعقاد کی بات کی جا رہی ہے تو ایسے میں کس طرح امیدواروں سے فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے ان کی تلاشی کا عمل پورا کیا جاسکے گا!ایس ایس سی امتحانات میں خدمات انجام دینے والے عملہ کا کہناہے کہ اگر کورونا وائرس کے خوف کے سبب ایک دوسرے سے دوری اختیار رکھنا لازمی ہے تو پھر کس طرح سے ایس ایس سی امتحانات کے لئے امیدواروں کے امتحانی مرکز میں داخل ہونے سے قبل تلاشی لی جائے !حکومت اور محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ امتحانات کے دوران سختی برتنے کے معاملہ میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی اور نہ ہی طلبہ کو کسی قسم کی کوئی رعایت دی جائے گی بلکہ قومی سطح کے اہلیتی امتحانات کے طرز پر امتحانات میں سختی کرنے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے جس پر امتحانی مراکز کی سطح پر خدمات انجام دینے والے عملہ کا کہناہے کہ قومی سطح پر یا ریاستی سطح پر منعقد ہونے والے اہلیتی امتحانات ایک یوم کے ہوتے ہیں اسی لئے ان امتحانات کے دوران سختیوں اور پابندیوں کو یقینی بنایا جاسکتا ہے جبکہ ایس ایس سی یا انٹر میڈیٹ ہی نہیں بلکہ ڈگری کے بھی سالانہ امتحانات کے دوران اس طرح کی سختیاں اختیار نہیں کی جاسکتیں جس طرح کی سختیاں اہلیتی امتحانات میں اختیار کی جاتی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاست کے بیشتر اضلاع سے عملہ نے محکمہ تعلیم کے اعلی عہدیداروں کو اپنے خدشات کے متعلق سوالات روانہ کرتے ہوئے ان کے جواب دینے کی خواہش کی ہے کیونکہ اگر امتحانی مرکز کے کسی نگران یا ممتحن کی جانب سے کسی امیدوار کی تلاشی لی جاتی ہے تو اس پر امیدوار کو بھی اعتراض ہوسکتا ہے اور خود ممتحن یا نگران کے لئے بھی یہ درست نہیں کہ وہ بڑی تعداد میں امتحانی مرکز پہنچنے والے امید واروں کی تلاشی لیں۔ ایس ایس سی امتحانات کے دوران امیدوارو ںکی تلاشی لینا اور انہیں نقل نویسی سے بازرکھنا ممتحن اور نگران کی اولین ترجیح ہوتی ہے اور سماجی فاصلہ کی برقراری کے ساتھ تلاشی کے عمل کو پورا کیا جانا ممکن نہیں ہے اور تلاشی کے بغیر نقل نویسی میں ملوث طلبہ کو باز رکھنا بھی ممکن نہیں ہے۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کا کہناہے کہ حکام اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے بنائے جانے والے تمام امتحانی مراکز کو سی سی ٹی وی سے آراستہ کیا جائے اور سی سی ٹی وی کے ذریعہ امتحانی مراکز میں موجود طلبہ کی نگرانی کو یقینی بنایا جائے اس طرح اگر کوئی نقل نویسی کرتا ہے تو وہ سی سی ٹی وی میں قید ہوجائے گا اور محکمہ تعلیم کی جانب سے سابق میں یہ تجربہ کیا گیا تھا اب ان حالات میں اسے مکمل طور پر قابل عمل بنانے کے سلسلہ میں غور کیا جا رہا ہے۔