نیویارک ۔ 27؍ستمبر ( ایجنسیز )وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے پاکستان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بڑے بین الاقوامی دہشت گردانہ حملوں کا سراغ ایک ملک میں ہوتا ہے۔ انہوں نے پہلگام کے حالیہ دہشت گردانہ حملے کا حوالہ دیا جس میں 26 معصوم سیاحوں کی جانیں گئیں۔نیویارک میں اقوام متحدہ کی 80ویں جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے اور پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے جے شنکر نے کہا کہ جب قومیں کھلے عام دہشت گردی کو ریاستی پالیسی قرار دیتی ہیں‘ جب دہشت گردی کے مراکز صنعتی پیمانے پر کام کرتے ہیں، جب دہشت گردوں کی سرعام تعریف کی جاتی ہے تو ایسی کارروائیوں کی واضح طور پر مذمت کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی دہشت گردی کا مرکز ہے ۔ انہوں نے کئی دہائیوں سے ہونے والے دہشت گرد حملوں کیلئے پاکستان پر ذمہ دار ہونے کا الزام لگایا ۔