وزیر خارجہ کیساتھ یوکرین جنگ سمیت مختلف امور پر بات چیت
قاہرہ: مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے اتوار کو وزیرخارجہ ہند ایس جے شنکر نے ملاقات کی اور وزیراعظم نریندر مودی کی نیک خواہشات کا پیام پہنچایا ۔انہوں نیکہا کہ وزیراعظم مودی مصر کا دورہ کرنے کے خواہشمند ہیں ۔ وہ مصر کا دورہ کرنے والے تھے لیکن کورونا وباء کے باعث ان کا پروگرام ملتوی ہوگیا تھا ۔ قبل ازیںمصر کے اپنے ہم منصب سمیع شوکری سے وزیرخارجہ ایس جئے شنکر نے کل ملاقات کی۔ اس دوران دونوں قائدین نے یوکرین۔روس کے درمیان جاری جنگ اور انڈوپیسفک علاقے سمیت کئی دیگر اہم امور پر بات چیت کی۔ ایس جئے شنکر نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ مصر کے وزیر خارجہ شوکری کے ساتھ بہت ہی اہم میٹنگ ہوئی۔ اس سال سیاسی تعلقات کے 75 سال پورے ہونا دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔ ایک دوسرے ٹوئٹ مین انہوں نے کہا کہ ایک قطبی دنیا کو آزاد سوچ اور منطقی آواز کی ضرورت ہے۔ ہندوستان اور مصر کثیرالجہتی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے اگلے سال جی20 اور بریکس نیو ڈویلپمنٹ بینک اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں مصر کی شرکت کا خیرمقدم کیا۔ ہندوستان اور مصر کا دوطرفہ تعاون مضبوط رہا ہے۔ دونوں ناوابستہ تحریک کے بانی ارکان تھے۔ 2022 کی خاص اہمیت اس لیے ہے کہ یہ دونوں کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ ہے۔ اس وقت مصر میں ہندوستانی برادری کی تعداد تقریباً 3200 ہے۔