دستور میں پسماندہ طبقات کو خصوصی مراعات ، صدرنشین ای سرینواس اور ریاستی وزیر ملا ریڈی کی شرکت
حیدرآباد۔/30نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ایس سی ، ایس ٹی کمیشن کے زیر اہتمام آج شاہ میر پیٹ منڈل کے موضع علی آباد میں سیول رائیٹس ڈے کا اہتمام کیا گیا۔ ایس سی ، ایس ٹی کمیشن کے صدرنشین ای سرینواس، وزیر لیبر ملاریڈی اور دیگر اہم شخصیتوں نے شرکت کی اور ایس سی، ایس ٹی طبقات کو ان کے حقوق کے بارے میں آگاہ کیا۔ دستور میں ایس سی، ایس ٹی طبقات کو جو حقوق اور مراعات دیئے گئے ہیں ان کے بارے میں شعور بیداری کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ صدرنشین ایس سی، ایس ٹی کمیشن ای سرینواس نے کہا کہ موضع علی آباد سے ایک تاریخی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ میڑچل ضلع نے اس مہم کی قیادت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ادارے اور ان کی کارکردگی پر دانشوروں اور عوام کو معلومات حاصل کرنی چاہیئے۔ دستور ہند میں عوام کو یکساں طور پر حقوق فراہم کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے ایس سی، ایس ٹی طبقات کیلئے خصوصی مراعات اور حقوق فراہم کئے ہیں جن کے ذریعہ وہ اپنے مسائل باآسانی حل کرسکتے ہیں۔ ای سرینواس نے دستور کی مختلف دفعات کا حوالہ دیا اور کہا کہ دستور کے معماروں نے کمزور طبقات کی ترقی اور بھلائی کو پیش نظر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستور ہند کے مطابق حکومت کو غریب اور امیر دونوں کے ساتھ یکساں سلوک کرتے ہوئے مساوی حقوق فراہم کرنے پر پابند کیا ہے۔ تلنگانہ میں ایس، سی ، ایس ٹی کمیشن کے قیام کے ذریعہ کے سی آر نے عدم مساوات کے خاتمہ کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی، ایس ٹی کمیشن سرکاری اور خانگی اداروں میں درج فہرست اقوام و قبائیل کو انصاف کی فراہمی اور دستوری حقوق دلانے کی مساعی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کی جانب سے 4558 مواضعات میں سیول رائیٹس ڈے کا اہتمام کیا گیا اور 6000 سے زائد مقدمات کی یکسوئی کرتے ہوئے 40 کروڑ روپئے معاوضہ ادا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے ریاستی سطح کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ایس سی، ایس ٹی طبقات کے مسائل کے حل کے سلسلہ میں ملک بھر کیلئے مثال قائم کی ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنے کا عہد کرچکے ہیں جس کے تحت تمام طبقات کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے۔