پنجہ گٹہ پر ڈاکٹر امبیڈکر مجسمہ کی تنصیب، اتم کمار ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔12۔ فروری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے اعلان کیا کہ ایس سی ، ایس ٹی تحفظات کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلہ کی مخالفت کرتے ہوئے 16 فروری کو ایک روزہ احتجاجی دھرنا منظم کیا جائے گا ۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی آر سی کنتیا کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ دھرنا چوک پر ایک دن طویل احتجاج کے ذریعہ ایس سی ، ایس ٹی تحفظات کے حق میں سپریم کورٹ سے رجوع ہونے مرکز سے مطالبہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات کا حصول دستور کا حصہ ہے لیکن سپریم کورٹ اسے بنیادی حق کے طور پر ماننے سے انکار کر رہا ہے ۔ مرکز کی بی جے پی اور ریاست کی ٹی آر ایس حکومت کمزور طبقات کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے۔ ناانصافیوں کو عوام سے واقف کرانے کیلئے ایک روزہ دھرنا منظم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے وکلاء کی جانب سے سپریم کورٹ میں تحفظات کے خلاف بحث کی کانگریس مذمت کرتی ہے۔ کانگریس تحفظات کے حق میں ہیں اور ایس سی ، ایس ٹی طبقات کے دستوری حق کو بچانے کیلئے جدوجہد کرے گی ۔ انہوں نے سپریم کورٹ میں مرکز کی جانب سے تحفظات کے حق میں رجوع ہونے کا مطالبہ کیا ۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ کانگریس میں دلتوں ، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کے حق میں کئی قوانین منظور کئے ہیں۔ بی جے پی حکومت تحفظات کو خطرہ پیدا کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرا پارک پر ہونے والے دھرنے میں تمام طبقات سے تعلق رکھنے والوں کو شرکت کرنا چاہئے ۔ بھٹی وکرمارکا نے پنجہ گٹہ سرکل پر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ حکومت نے وی ہنمنت کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے مجسمہ کو تحویل میں لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اجازت سے انکار کرے تو کانگریس جبراً مجسمہ نصب کرے گی۔ قبل ازیں سینئر قائدین کے اجلاس میں ہنمنت راؤ نے یہ مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ تحفظات کے حق میں احتجاج کیا جارہا ہے لیکن تحفظات فراہم کرنے والے ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب پر پارٹی قائدین خاموش ہیں۔ پارٹی نے مجسمہ کی تنصیب کے حق میں قرارداد منظور کی ۔ ہنمنت راؤ نے حکومت کو 17 فروری کی مہلت دی ہے تاکہ مجسمہ کو تنصیب کیلئے واپس کیا جائے۔