ایس سی زمرہ بندی پر تلنگانہ میں عمل آوری کیلئے عنقریب قانون سازی

   

قانونی ماہرین سے مشاورت، وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کا بیان
حیدرآباد۔/4 اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے کہا سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق تلنگانہ میں ایس سی زمرہ بندی پر عمل آوری کیلئے جامع قانون سازی کا منصوبہ ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ قانونی ماہرین کے ذریعہ مجوزہ قانون کا مسودہ تیار کیا جائے گا تاکہ زمرہ بندی پر عمل آوری میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ کی کاپی موصول ہوتے ہی نئے قانون کی تیاری کا کام شروع ہوجائے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاستی وزیر کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے قانون وضع کریں تاکہ دیگر طبقات کو کوئی اعتراض نہ رہے۔ دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ مالا اور دیگر طبقات کے خلاف نہیں ہے۔ گذشتہ 30 برسوں سے ایس سی زمرہ بندی کے حق میں جدوجہد کی جارہی تھی جسے سپریم کورٹ کے دستوری بنچ نے منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادیگا طبقہ کے نمائندوں کو زمرہ بندی سے متعلق قانون سازی کے حق میں چیف منسٹر سے نمائندگی کرتے ہوئے تجاویز پیش کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ زمرہ بندی کے نتیجہ میں ایس سی طبقات میں موجود ذیلی طبقات سے ناانصافی کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلہ کو تاریخی قراردیا اور کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نامور قانون داں سدھارتھ لوترا کی خدمات حاصل کرتے ہوئے دستوری بنچ پر زمرہ بندی کے حق میں موثر پیروی کی تھی۔ دامودر راج نرسمہا نے بتایا کہ وہ عنقریب مادیگا طبقہ کے نمائندوں سے ملاقات کرتے ہوئے نئے قانون کی تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔1