ایس پی ایم فیکٹری مالک کے خلاف احتجاج

   

کاغذ نگر پیپر ملز کے تمام ملازمین کی خدمات کو دوبارہ بحال کرنے کا مطالبہ

کاغذ نگر ۔/27 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاغذ نگر میں ایس پی ایم فیکٹری کے مالک اور فیکٹری کے ذمہ داران کے برتاؤ کے خلاف کانگریس پارٹی تعلقہ قائد ڈاکٹر پی ہریش راؤ کی زیر قیادت احتجاج اور دھرنا دیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب ضلع کمرم بھیم آصف آباد کے کاغذ نگر میں 4 سال بعد دوبارہ شروع کی گئی سرپور پیپر ملز (SPM) کے مالکین اور پیپر مل کے ذمہ داران کے خلاف کانگریس پارٹی تعلقہ قائد ڈاکٹر پی ہریش راؤ کی زیر قیادت بڑے پیمانے پر فیکٹری کے روبرو احتجاج کرتے ہوئے ایس پی ایم فیکٹری کے مالک کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر اس احتجاجی پروگرام میں کاغذ نگر میونسپل کونسلر سرینواس، سابق ضلع پریشد چیرمین سیڈم گنپتی، سابق میونسپل چیرمین شیخ دستگیر، کانگریس پارٹی ضلع خاتون صدر محترمہ منگما، کونسلر سرینواس، دیشمکھ، شیوا پرساد، راتھوڑ رمیش کے علاوہ کانگریس پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی تعلقہ قائد ڈاکٹر پی ہریش راؤ نے کہا کہ سرپور پیپر ملز کے مالک کی جانب سے برتاؤ میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے کیونکہ انہوں نے کہا کہ گزشتہ فیکٹری میں کام کرنے والے تمام ملازمین کو دوبارہ ڈیوٹی پر لینے کا مطالبہ کیا گیا اور لیبر یونین قائدین اور سابق رکن اسمبلی اور میرے کوارٹرس کو زبردستی خالی کروانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ 30 اپریل 2019 تک کوارٹرس میں رہنے کی اجازت ہونے کے بعد بھی کوارٹرس کو برقی اور پینے کے پانی کے نلوں کے کنکشن کو منقطع کیا جارہا ہے جو جمہوریت کے خلاف ہے۔ اس لئے فیکٹری میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کو انچارج ڈی ایس پی ستیہ نارائن کی نگرانی میں اپنے قابو میں لیتے ہوئے کشیدہ حالات پر قابو پالیا گیا ، کچھ دیر کیلئے حالات کشیدہ ہوگئے۔