پٹن چیرو میں سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کا سنگ بنیاد، سنگاریڈی اور رنگاریڈی اضلاع میں ترقیاتی کاموں میں چیف منسٹر کی شرکت
حیدرآباد 22 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے آج سنگاریڈی ضلع میں مختلف ترقیاتی اسکیمات کا افتتاح انجام دیا۔ پٹن چیرو اسمبلی حلقہ کے کولور میں چیف منسٹر نے ایشیاء کی سب سے بڑی ہاؤزنگ کالونی کا افتتاح کیا جہاں 60 ہزار سے زائد ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے گئے ہیں جو مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے استفادہ کنندگان میں تقسیم کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ، ہریش راؤ، پرشانت ریڈی، ٹی سرینواس یادو، سبیتا اندرا ریڈی، سی ایچ ملا ریڈی، میئر حیدرآباد جی وجیہ لکشمی، چیف سکریٹری شانتی کماری اور ارکان اسمبلی و کونسل موجود تھے۔ سنگاریڈی کے ایک روزہ دورہ پر چیف منسٹر کا بی آر ایس کارکنوں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔ ہاؤزنگ کالونی کو کے سی آر نگر کا نام دیا گیا ہے۔ افتتاح کے بعد چیف منسٹر نے شجرکاری مہم میں حصہ لیا اور بیاٹری کی گاڑی سے کالونی کا مکمل معائنہ کیا اور سہولتوں کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے بعض استفادہ کنندگان کو الاٹمنٹ کے مکتوب حوالے کئے جن میں جی رینوکا، عائشہ بیگم، ایم شاردا، پی دیوی، سی ایچ سجاتا اور کے کیرتی شامل ہیں۔ ڈبل بیڈ روم مکانات خواتین کے نام پر الاٹ کئے گئے ہیں۔ 117 بلاکس میں 15660 یونٹس تعمیر کئے گئے۔ ہر یونٹ میں ایک ہال، دو بیڈ روم، دو ٹائلیٹ، ایک کچن شامل ہے اور ہر ایک یونٹ 560 مربع فیٹ پر محیط ہے۔ پراجکٹ کے لئے 145.5 ایکر اراضی الاٹ کی گئی اور ایشیاء کی سب سے بڑی کالونی میں سڑکیں، فٹ پاتھ، پلے گراؤنڈ اور دیگر انفراسٹرکچر فراہم کئے گئے ہیں۔ ٹاؤن شپ میں 30 ہزار سے زائد پودے لگائے گئے۔ حکومت نے تعمیری کاموں کے معیار کی خاص طور پر نگرانی کی اور عہدیداروں کی ٹیم تعینات کی گئی تھی۔ انڈر گراؤنڈ ڈرینج اور اسٹارم واٹر پائپ لائن کے علاوہ پینے کے پانی کی پائپ لائن بچھائی گئی ہے۔ 10 ہزار اسکوائر فٹ پر مبنی کمیونٹی ہال تعمیر کیا گیا اور 118 دوکانات پر مبنی 3 شاپنگ کامپلکس تعمیر کئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر نے شنکر پلی منڈل ضلع رنگاریڈی میں خانگی ریل کوچ فیاکٹری کا افتتاح کیا۔ میدھا ریل کوچ فیاکٹری خانگی شعبہ میں ملک کی سب سے بڑی فیاکٹری ہوگی۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ میں ریلوے کوچ فیاکٹری کے قیام پر مسرت کا اظہار کیا اور کمپنی کو حکومت کی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اُنھوں نے فیاکٹری کے توسیع کے سلسلہ میں تعاون کے علاوہ اُمید ظاہر کی کہ مقامی نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ میدھا ریل کوچ فیاکٹری کے قیام پر تلنگانہ کو فخر ہے۔ اُنھوں نے کمپنی کے فاؤنڈرس کیشپ ریڈی اور سرینواس ریڈی کو مبارکباد پیش کی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ تلنگانہ میں صنعتی ترقی اور خاص طور پر ریل کوچ فیاکٹری کے قیام کا سہرا فرزندان تلنگانہ کو حاصل ہوا ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ کسی بھی ریاست اور ملک کی ترقی کے لئے صنعتی ترقی ناگزیر ہے۔ تلنگانہ حکومت نے ٹی ایس آئی پاس کے ذریعہ صنعتوں کے قیام کی راہ ہموار کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریلوے کوچ فیاکٹری کے قیام سے ریلوے سے متعلق کئی ذیلی صنعتیں بھی تلنگانہ میں قائم ہوں گی۔ ایک ہزار کروڑ کے سرمایہ سے فیاکٹری قائم کی گئی ہے۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما راؤ کی جانب سے سرمایہ کاری کے لئے مساعی کے حصہ کے طور پر یہ فیاکٹری قائم ہوئی ہے۔ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون میں مرکزی حکومت نے قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیاکٹری کا وعدہ کیا تھا لیکن وعدے پر عمل نہیں کیا گیا۔ ریلوے کوچ فیاکٹری 25 ایکر اراضی پر محیط ہے اور مزید توسیع کا منصوبہ ہے۔ فیاکٹری نے وندے بھارت ٹرینوں کے لئے تاحال 160 کوچس انڈین ریلویز کو سربراہ کئے ہیں۔ پرنسپل سکریٹری انڈسٹریز جیش رنجن نے چیف منسٹر کو پراجکٹ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ کیشپ ریڈی اور سرینواس ریڈی کا تعلق ورنگل ضلع سے ہے۔ چیف منسٹر نے سنگاریڈی کے پٹن چیرو میں 183 کروڑ کے سرمایہ سے تعمیر کئے جانے والے 200 بستروں پر مشتمل سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کا سنگ بنیاد رکھا۔ اِس موقع پر کے سی آر نے بھومی پوجا کی۔ حکومت کی جانب سے شہر کے مضافاتی علاقوں میں 3 سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ تقریب میں ریاستی وزراء ہریش راؤ، کے ٹی آر، ارکان پارلیمنٹ بی بی پاٹل، کے پربھاکر ریڈی، زیڈ پی چیرمین جئے پال ریڈی، ارکان مقننہ مہی پال ریڈی، کرانتی کرن، بھوپال ریڈی، مانک راؤ اور دوسروں نے شرکت کی۔ ر