ایلون مسک کا ایکس صارفین پر ماہانہ فیس عائد کرنے کا امکان

   

نیویارک : ایلون مسک سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے تمام صارفین پر ماہانہ فیس عائد کرنے کا سوچ رہے ہیں۔ گزشتہ اکتوبر میں ٹوئٹر خریدنے کے بعد سے یہ سب سے بڑی تبدیلی ہو گی۔ سوشل میڈیا صارفین ایلون مسک کی اس نئی تجویز پر غم و غصہ کا اظہار کر رہے ہیں۔ ایلون مسک نے یہ بات پیر کو اسرائیلی وزیر اعظم بن جانب نتن یاہو کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ایلون مسک کا کہنا تھا کہ ماہانہ فیس عائد کرتے ہوئے ’بوٹس افواج‘ کا مقابلہ کیا جا سکے گا۔ بوٹس ایسے خودکار اکاؤنٹس ہوتے ہیں، جو مصنوعی ذہانت کی مدد سے چلائے جاتے ہیں اور ان کو چلانے والا کوئی فرضی شخص ہوتا ہے۔ ایلون مسک نے ٹوئٹر کو 44 بلین ڈالر میں خریدا تھا اور بعدازاں اس کا نام اپنی ملکیتی کمپنی ’ایکس‘ کے نام پر رکھ دیاتھا۔ اس اقدام کے بعد سے اس کی قدر میں کمی آئی ہے۔ ہزاروں ملازمین کو کمپنی سے نکال دیا گیا تھا جبکہ دائیں بازو کے ان افراد کے اکاؤنٹس بھی بحال کر دیئے گئے تھے، جو سازشی نظریات پھیلانے کے لیے مشہور ہیں۔ اس طرح بہت سے اداروں نے ایکس کو اشتہارات دینا بند کر دیے تھے۔ ایکس صارفین نے ایلون مسک کے اس منصوبہ پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح اس پلیٹ فارم کا ’’مکمل خاتمہ‘‘ ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب تجزیہ کار بھی اس نئے منصوبے پر سوالیہ نشان اٹھا رہے ہیں۔ مبصرین کے مطابق اس طرح یہ پلیٹ فارم اشتہار دینے والے اداروں کے لیے مزید کشش کھو دے گا۔