ایلگر جوہانسبرگ ٹسٹ میں افریقی کپتان

   

جوہانسبرگ ۔9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے خلاف یہاں کھیلے جانے والے تیسرے ٹسٹ میں جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت ڈین ایلگر کریں گے۔ جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی کو پاکستان کے خلاف دوسرے میچ میں سلو اوور ریٹ کی وجہ سے ایک میچ کے لئے معطل کردیا گیا تھا، انہیں ایک سال میں دوسری مرتبہ سلو اوور ریٹ کی وجہ سے معطل کیا گیا جب کہ اب پاکستان کے خلاف جوہانسبرگ میں ہونے والے تیسرے ٹسٹ میچ میں قائم مقام کپتان ڈین ایلگر ہوں گے۔ کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے نیشنل سلیکشن پینل کی کنوینر لینڈا زونڈی نے کہا ہے کہ مستقبل کے لئے قائد تیار کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، اس سے قبل ونڈے میچز میں ڈی کوک اور مارک رام کو بھی قیادت موقع دیا تھا۔ یاد رہے کہ ڈین ایلگر اس سے قبل 2017 میں لارڈز ٹسٹ میں میزبان انگلینڈ کے خلاف جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت کرچکے ہیں۔ افریقہ جمعہ سے وانڈررز اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے تیسرے اور آخری ٹسٹ میں فتح کے ساتھ پاکستان کو کلین سویپ کرنے کا عزم لئے میدان میں اترا گا۔یادرہے کہ رواں سیریز میں پاکستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف ابتدائی دونوں مقابلوں میں ہزیمت ناک شکست برداشت کرنی پڑی ہے اور مہمان ٹیم میں بھی تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔