ایل او سی پر پاکستانی فائرنگ ،ایک سپاہی ہلاک

,

   

دفتر خارجہ پر پاکستانی سفارت کار کی طلبی اور احتجاج
جموں نئی دہلی : جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں ایل او سی کے پاس سرحدی چوکیوں پر پاکستانی دستوں کی ہفتہ کو ابتدائی ساعتوں میں فائرنگ کے نتیجہ میں انڈین آرمی کے ایک سپاہی کی موت ہوگئی ۔ عہدیداروں نے کہا کہ نوشیرہ سیکٹر کے لام علاقہ میں سرحد پار سے بلااشتعال فائرنگ رات دیر گئے شروع ہوئی جس کے نتیجہ میں ایک حوالدار شدید زخمی ہوا اور بعد میں جانبر نہ ہوسکا ۔ انڈین آرمی نے پاکستانی توپوں کو خاموش کرنے کیلئے سخت جواب دیا اور کچھ وقت تک دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا ۔ اس دوران نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کو طلب کرتے ہوئے حکومت ہند نے پاکستان نشین دہشت گرد گروپ جیش محمد کی سرپرستی کرنے پر سخت احتجاج درج کرایا ۔ وزارت امور خارجہ نے پاکستانی سفارتکار کو طلب کیا اور کہا کہ جموں و کشمیر میں مجالس مقامی کے انتخابات سے قبل ماحول کو بگاڑنے کیلئے حملے کرائے جارہے ہیں جو ناقابل برداشت ہیں ۔ جیش محمد کے 4 مشتبہ دہشت گرد جو ایک ٹرک میں چھپے ہوئے تھے ، جمعرات کی صبح نگروٹا میں سکیورٹی فورسیس کے ہاتھوں ہلاک ہوئے ۔