ایل بی نگر میں شی ٹیم اور دیگر عمارتوں کا وزیر داخلہ نے افتتاح کیا

   

حیدرآباد۔28 ۔جولائی (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے حدود میں ایل بی نگر میں شی ٹیم ، ای چالان اور آئی ٹی ایم ایس آفس کی عمارت کا افتتاح کیا جبکہ بھگت سنگھ نگر میں بھروسہ سنٹر عمارت کا سنگ بنیاد رکھا ۔ ایل بی نگر میں 1.02 کروڑ سے دو منزلہ عمارت تعمیر کی گئی ہے جبکہ سی ڈی ای سنٹر کی تعمیر کے لئے 18 لاکھ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ بھگت سنگھ نگر میں بھروسہ سنٹر 5500 مربع فٹ اراضی پر 1.75 کروڑ سے تعمیر کیا جائے گا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ پولیس ملک بھر کیلئے مثالی ہے جس نے ریاست میں بہترین لاء اینڈ آرڈر برقرار رکھا ہے ۔ پولیس لاء اینڈ آرڈر کی برقراری اور مسائل کی یکسوئی کیلئے جدید ٹکنالوجی کا استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کارپوریٹ سطح کے پولیس اسٹیشن ، کمشنریٹ اور ضلع پولیس دفاتر کی عمارتیں تعمیر کی جارہی ہے جس میں عوام کی سہولت کیلئے انفراسٹرکچر دستیاب ہے ۔ فرینڈلی پولیسنگ کے لئے تلنگانہ پولیس ملک بھر میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ عوام سے بہتر تعلقات استوار کرتے ہوئے مسائل کو حل کرنے میں کامیابی ملی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پولیس میں کئی اصلاحات کو متعارف کیا۔ چیف منسٹر نے محکمہ پولیس کیلئے 700 کروڑ کا بجٹ فراہم کیا ہے جس کے ذریعہ جدید آلات سے لیس گاڑیاں حاصل کی گئیں۔ سی سی ٹی وی کی تنصیب سے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملی ہے ۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے ۔ ملک بھر کے 64 فیصد سی سی ٹی وی کیمرے تلنگانہ میں موجود ہیں۔ خواتین کی سیفٹی اور سیکوریٹی کو اولین ترجیح دی جارہی ہے ۔ شی ٹیم کا قیام خواتین کو مظالم سے بچانے کیلئے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ نکسلزم اور فرقہ وارانہ تشدد سے پاک ہے۔ محکمہ پولیس میں خواتین کیلئے 33 فیصد تحفظات فراہم کئے گئے ہیں اور مزید 29,000 جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے ۔ وزیر داخلہ نے اپنے دفتر سے ورچول موڈ میں کرکٹ کھلاڑی یوراج سنگھ کی تنظیم یو وی کے اراکین سے خطاب کیا۔ انہوں نے تنظیم کی جانب سے نظام آباد کے سرکاری دواخانہ میں 120 بستروں کی فراہمی پر اظہار تشکر کیا۔