ایل نینو کے پیش نظر 15 ماہ کیلئے باریک چاول کا ہنگامی اسٹاک تیار رکھیں: اتم کمار ریڈی

   

خریداری مراکز پر 500 روپے فی کنٹل بونس والی 7 اقسام کی وسیع تشہیر کی ہدایت

حیدرآباد، 26 نومبر )سیاست نیوز(ریاستی وزیر سیول سپلائز این اتم کمار ریڈی نے محکمہ سیول سپلائز کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ متوقع ’ایل نینو‘ موسمی اثرات کے پیش نظر ریاست میں کم از کم آئندہ 15 مہینوں کی ضروریات کے لیے باریک چاول کا ہنگامی اسٹاک تیار رکھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس مقصد کی تکمیل کے لیے موٹے اناج کی خریداری میں مزید تیزی لائی جانی چاہیے۔محکمہ سیول سپلائز اور کارپوریشن کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اگرچہ اس وقت ریاست کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تقریباً 14 ماہ کے لیے باریک چاول کے کافی ذخائر دستیاب ہیں تاہم بدلتے موسمی حالات کے پیش نظر مزید ایک ماہ کا اضافی ذخیرہ تیار کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ غذائی اجناس کے ذخائر میں قبل از وقت اضافہ کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عوامی تقسیم کے نظام (پی ڈی ایس) میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔اتم کمار ریڈی نے مزید ہدایت دی کہ موٹے اناج کی ان سات اقسام کی تفصیلات، جن پر 500 روپے فی کنٹل بونس دیا جا رہا ہے ریاست بھر کے خریداری مراکز پر نمایاں طور پر آویزاں کی جائیں اور کسانوں میں ان کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے۔-2