ایل پی جی کی قیمت میں اضافے پر مایاوتی کی مرکز پر تنقید

   

لکھنو ، 12 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے آج مرکز کو ایل پی جی یا پکوان گیس سلنڈر کی قیمت میں بھاری اضافے پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے غریبوں کے خلاف ’’ظالمانہ فیصلہ‘‘ قرار دیا۔ فیول کی عالمی شرحوں میں اچھال کے سبب فی ایل پی جی سلنڈر 144.5 روپئے کے اضافے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ اس اقدام کا کروڑوں غریبوں اور محنت کش افراد پر اثر پڑے گا جنھیں پہلے ہی ’’شدید افراط‘‘ کا سامنا ہے۔ سرکاری ملکیتی تیل کمپنیوں کے اعلامیہ کے بعد ٹوئٹ میں مایاوتی نے کہا کہ بہتر ہوتا کہ مرکز بہبودی مملکت کے طور پر کام کرتا جیسا کہ دستور میں صراحت ہے۔ ایل پی جی قیمت 714 روپئے سے بڑھاتے ہوئے 858.50 روپئے فی 14.2kg سلنڈر کردی گئی ہے، جو جنوری 2014ء سے اعظم ترین اضافہ ہے۔ تب 220 روپئے فی سلنڈر کا اضافہ ہوکر نئی قیمت 1,241 روپئے ہوگئی تھی۔