ایمان و عقائد کا تحفظ لازمی، باہم حقوق کی ادائیگی کی تلقین

   

گمبھی راؤ پیٹ میں جلسہ اصلاح معاشرہ، مولانا فصیح الدین ندوی، مفتی محمود زبیر قاسمی و دیگر کے خطابات

گمبھی راو پیٹ ۔ 21 فروری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حقوق کی ادائیگی ضروری ہے، بگاڑ آتا ہے؛ تو سدھارنے کا نام اصلاح ہے، اپنے عقائد کو درست کریں، اللہ کو وحدہ لاشریک مانیں یعنی اسکے ساتھ کسی کو شریک نہ کریں،کیونکہ شرک بدترین گناہ ہے، اللہ ہی سے مانگنے والے بنیں، عقیدہ جب متزلزل ہوجاتا ہے؛ تو اس کی نحوست سے ایمان خطرہ میں پڑجاتا ہے، اسی لئے ہم اپنے عقائد کو مضبوط کریں، اسکی اہمیت کو جانیں، حضرات صحابہؓ وصحابیات نے جام شہادت پینا گوارہ کیا؛ مگر ایمان کا تحفظ کیا، آج سوچی سمجھی سازش کے تحت پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے کہ چنندہ مسلمان ہی باطل مذاہب کا شکار ہورہے ہیں، اس قسم کے واقعات سامنے لانے کا مقصد گمراہی پھیلانا ہوتا ہے، لہذا اصلاح معاشرہ کی محنت کریں، آج اسکول میں لکشمی دیوی، سری دیوی، سوریا نمسکار اور ان تصویروں کے سامنے ہاتھ جوڑنا سکھایا جاتا ہے، اپنے بچوں کے دلوں میں ایمان کے عقیدے کو خوب بٹھائیں کہ یہ تعلیماتِ اسلامیہ کے خلاف ہے، اس پرفتن دور میں اپنے اور اپنے بچوں کے عقائد کا تحفظ لازمی ہے، ان خیالات کا اظہار ضلع سرسلہ کے کوتہ پلی میں جمعیۃ علماء کے زیراہتمام منعقدہ جلسہ اصلاح معاشرہ سے مولانا فصیح الدین ندوی (ناظم اصلاح معاشرہ کمیٹی تلنگانہ وآندھرا) نے کیا اور کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں بڑی سنجیدگی سے سمجھائیں کہ آپؐ کے بعد کوئی نبی بن کر نہیں آئے گا، کیونکہ نبوت کا سلسلہ ختم ہوگیا ہے، توحید، رسالت، ختم نبوت، آخرت، جنت، جہنم، آسمانی کتابوں اور مرنے کے بعد اٹھائے جانے کا عقیدہ سمجھائیں، اور اس پر قائم رہیں۔ مفتی محمود زبیر قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھرا) نے خطاب میں کہا کہ درود شریف کی کثرت سے زندگی میں برکت آتی ہے، ذہنی سکون میسر ہوتا ہے، مسجد کو مضبوطی سے پکڑ لیں۔ اللہ تمام مشکلات سے بچالے گا ۔ باہم حقوق کی ادائیگی کی فکر کریں، اپنے اخلاق سے بہترین انسان بن کر مخلوق کی خدمت کریں، اپنے کردار کو سنواریں۔ دینی باتیں بھی نیٹ کے ذریعہ نہ لیں۔اپنے بچوں کی تعلیم پر توجہ دیں۔ حافظ محمد فہیم الدین منیری (نائب صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھرا) نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد ہر دیہات اور گھر پر اصلاح معاشرہ پروگرام منعقد کئے جائیں، اور ہر گھر اور ہرفرد اس مہم پر عمل کریں، قاری مجاہد (جنرل سکریٹری کوتہ پلی) نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا، مفتی خواجہ شریف مظاہری (صدر جمعیۃ علماء میدک) نے جلسہ کی کارروائی چلائی، مولانا ابوالکلام (صدر جمعیۃ علماء سرسلہ) نے تمام مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ یہ علماء انبیاء کے وارث ہیں ان کی آمد کو غنیمت جان کر پر سکون ہوکر استفادہ کریں، مولانا نظرالحق قاسمی (صدر جمعیۃ علماء منڈل کاماریڈی) ومولانا منظور مظاہری (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء منڈل کاماریڈی) نے تمہیدی کلمات پیش کئے اور پروگرام کے اغراض ومقاصد کو بیان کیا، اس موقع پر کوتہ پلی کے سرپنچ نے گلپوشی کے بعد کہا کہ معاشرہ میں سدھار ضروری ہے، مسلمان اس دنیا میں اپنی ایک تاریخ رکھتے ہیں، انہیں گھر واپسی کی بات کہنا غیر مناسب اور تاریخ سے ناواقفیت ہے، الحاج سید عظمت علی (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء کاماریڈی) نے جمعیۃ علماء ہند کی ملک بھر میں خدمات کو واضح طور پر سامنے رکھا، اس موقع پر مولانا مسعود قاسمی سدی پیٹ، مولانا شعیب قاسمی، حافظ عبدالواجد حلیمی کی موجودگی میں طلباء مکتب نے تعلیمی مظاہرہ پیش کیا اور ان طلباء کے مابین مہمانوں کے ہاتھوں انعامات تقسیم کئے گئے، جناب انور کی دعا پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔