حیدرآباد۔/21 جون، ( سیاست نیوز) تعلیم کے حصول میں غربت رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ محبوب نگر کے ماسٹر انس خاں نے آئی آئی ٹی حیدرآباد میں نشست کیلئے کوالیفائی کرتے ہوئے یہ ثابت کردیا ہے کہ تعلیم کیلئے سنجیدہ جذبہ ضروری ہے۔ ماسٹر انس خاں ایمبولینس 104 کے ڈرائیور غوث خاں کے فرزند ہیں جنہوں نے اپنی محنت کے ذریعہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی حیدرآباد میں نشست حاصل کی ہے۔ انس خاں نے حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسلینس سے انٹرمیڈیٹ کیا اور آئی آئی ٹی انٹرنس امتحان کی کوچنگ حاصل کی۔ انہوں نے 94 فیصد نشانات حاصل کئے۔ JEE مینس اور اڈوانسڈ امتحان میں انہیں آل انڈیا رینک 1745 حاصل ہوا۔ غیاث الدین بابو خاں چیاریٹبل ٹرسٹ کے مطابق انس کے والد نے ٹرسٹ کو فرزند کی کامیابی سے واقف کرایا۔ غوث خاں کی تنخواہ ماہانہ 17 ہزار روپئے ہے جو کرایہ کے مکان میں مقیم ہیں۔ انس نے مشہور شخصیت سندر پچائی کو اپنا آئیڈیل بنایا ہے اور آئی آئی ٹی میں داخلہ لینا ان کا خواب تھا۔ غیاث الدین بابو خاں چیاریٹبل ٹرسٹ نے انس کو فیس اور اسکالر شپ کا انتظام کیا۔ حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسلینس کے ذریعہ سالانہ 150 طلبہ کی رہنمائی اور مدد کی جاتی ہے تاکہ نیٹ ، جے ای ای مینس ، سی اے، سی پی ٹی اور لاء سیٹ جیسے امتحانات کی کوچنگ دی جاسکے۔ غوث خاں اور ان کے افراد خاندان نے ٹرسٹ کے ڈائرکٹر محمد علی الدین حیدر اور لیکچررس سے اظہار تشکر کیا۔ غیاث الدین بابو خاں نے کہا کہ اگر نوجوان دو سال تک تعلیم کے جذبہ کے ساتھ ان سے وابستہ ہوجائیں تو ان کی صلاحیتوں کو نکھارتے ہوئے ملک کیلئے قابل فخر بنایا جائے گا۔ر