ایمسیٹ امتحانات کا4اگست سے آغاز

   

4تا 6 انجنیئرنگ ، 9 اور 10اگست کو اگریکلچر اور میڈیکل انٹرنس ٹسٹ
حیدرآباد : ایمسیٹ کنوینر گووردھن نے اعلان کیا ہے کہ تلنگانہ میں چہارشنبہ سے شروع ہونے والے ایمسیٹ امتحانات کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔ ایمسیٹ امتحانات میں شریک ہونے کیلئے جملہ 2,51,132 طلبہ نے درخواستیں داخل کی ہیں ۔ ان میں انجنیئرنگ انٹرنس امتحانات کیلئے 1,64,678 طلبہ اور میڈیکل و اگریکلچر انٹرنس امتحانات کیلئے 86,454 طلبہ نے درخواستیں داخل کی ہیں ۔ ایمسیٹ کیلئے تلنگانہ میں 82اور پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں 23 سنٹرس قائم کئے گئے ہیں ۔ کنوینر ایمسیٹ نے بتایا کہ 4,5,6 اگست کو انجنیئرنگ انٹرنس امتحانات کا انعقاد کیا جائے گا ۔ 9 اور 10 اگست کو اگریکلچر و میڈیکل انٹرنس امتحانات کا انعقاد کیا جائے گا ۔ امتحانات کے اوقات صبح 9بجے سے دوپہر 12بجے تک رہیں گے ۔ دوپہر 3 تا شام 6بجے تک دوسرے سیشن کا انعقاد کیا جائے گا ۔ گووردھن نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ وقت سے قبل امتحانی سنٹرس کو پہنچ جائیں، 2 گھنٹے قبل طلبہ کو امتحانی مراکز میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی ۔ ہال ٹکٹس کے ساتھ طلبہ کو امتحانی مراکز کے روٹ میاپس مہیا کئے جارہے ہیں ۔ ایمسیٹ امتحانات کے انعقاد میں کووڈ 19کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل آوری کی جائے گی ۔ طلبہ بھی اس پر سختی سے عمل کریں ۔