کمپیوٹر انجینئرنگ میں امیدواروں کی عدم دلچسپی ، فارمیسی میں داخلے مایوس کن
حیدرآباد ۔ /11 جولائی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں انجنیئرنگ کورسیس و بی فارمیسی کورسیس وغیرہ کے داخلوں سے متعلق پہلے مرحلہ کی کونسلنگ کا عمل مکمل ہونے پر کونسلنگ میں جملہ (49012) طلباء و طالبات کو بی ٹیک کورسیس میں داخلے حاصل ہوسکے ۔ ریاستی سطح پر کنوینر کوٹہ کے تحت جملہ (65444) نشستوں کے منجملہ تقریباً 75 فیصد نشستوں پر داخلے دے دیئے گئے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ سب سے زیادہ ڈیمانڈ والے کمپیوٹر سائینس انجنیئرینگ ( سی ایس ای) کورس میں بھی (961) نشستیں مخلوعہ پائے جانے پر تعجب کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ کیونکہ جن کورسیس کی زیادہ اہمیت ہے ۔ ان کورسیس کی نشستیںفوری طور پر مکمل ہوجاتی ہیں ۔ علاوہ ازیں اب جن امیدواروں کو نشستیں الاٹ کی گئیں ان میں کتنے امیدوار کالجوں میں داخلے حاصل کئے ہیں ۔ ان کی مکمل تفصیلات /15 جولائی کے دن شام تک معلوم ہوسکیں گی ۔ جبکہ اس مرتبہ صفر داخلہ جات سے متعلق ایک کالج بھی نہیں ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ویب کونسلنگ کے ذریعہ آپشنس دیتے ہوئے امیدواروں کو ایمسیٹ 2019 ء کی داخلہ کمیٹی نے گزشتہ دن شام میں خصوصی سافٹ ویر کے ذریعہ نشستوں کا الاٹمنٹ کردیا اور جن امیدواروں کو نشستیں الاٹ کی گئی ہیں انہیں /15 جولائی کو مقررہ وقت سے قبل نٹ بینکنگ ، کریڈٹ کارڈ ، یاڈیبٹ کارڈ کے ذریعہ ایمسیٹ ویب سائیٹ پر فیس رقم ادا کرنے کی مہلت دی گئی ہے ۔ مسٹر نوین متل ایمسیٹ ایڈمیشن کمیٹی کنوینر نے بتایا کہ از خود امیدوار مقررہ فیس رقم ادا کرکے اپنے متعلقہ کالجوں میں رپورٹ کرنا ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی اے ایف آر سی (TAFRC) اور حکومت کے قطعی فیصلہ کی روشنی میں ہی مقررہ فیس ادا کرنی ہوگی ۔ بتایا جاتا ہے کہ آئی آئی ٹیز اور این آئی ٹیز میں داخلوں کیلئے ’’جوسا‘‘ کونسلنگ /18 جولائی کو ختم ہوجائے گی ۔ لہذا اس صورتحال کے پیش نظر ایمسیٹ دوسرے مرحلہ کی کونسلنگ /20 جولائی کے بعد ہی منعقد ہونے کا امکان ہے ۔ ذرائع نے مزید بتایا ایمسیٹ میں اہل امیدواروں کی جملہ تعداد 93943 ہزار ہے ۔ لیکن سرٹیفکیٹس کی جانچ کیلئے جملہ صرف 53934 امیدوار ہی حاضر رہے اور داخلوں کیلئے اپنے آپشنس 52628 امیدواروں نے ہی داخل کئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ جملہ بی ٹیک کورسیس نشستوں کی تعداد 65444 ہے اور داخلہ دیتے ہوئے نشستوں کی تعداد 49012 ہزار ہے اور پہلے مرحلہ کے داخلوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد فی الوقت مخلوعہ نشستوں کی تعداد 16432 بتائی جاتی ہے ۔ اسی طرح ریاست میں بی فارمیسی اور ڈی فارم کورسیس میں داخلوں کیلئے منعقدہ کونسلنگ میں اس مرتبہ داخلے انتہائی مایوس کن رہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست میں بی فارمیسی کی جملہ نشستیں (3280) پائی جاتی ہیں ۔ جن کے منجملہ صرف 87 نشستوں پر داخلے دیئے جاسکے ۔ علاوہ ازیں فارم ڈی کورسیس میں 535 نشستیں پائی جاتی ہیں جن کے منجملہ صرف 30 نشستیں ہی پرہوسکیں ۔ اس طرح بی فارمیسی و ڈی فارم کورسیس میں جملہ 3698 نشستیں مخلوعہ پائی جاتی ہیں ۔