ایملی کیر کی ہیٹ ٹرک،نیوزی لینڈ کا کلین سویپ

   

ڈنڈن،11 مارچ (یواین آئی ) نیوزی لینڈ کی اسٹار آل راؤنڈر ایملی کیر نے ونڈے کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرکے تاریخ رقم کر دی، جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے زمبابوے کو تیسرے میچ میں 200 رنزکے بڑے فرق سے شکست دے کر سیریز3-0 سے اپنے نام کر لی۔ یونی ورسٹی اوول میں کھیلے گئے اس میچ میں24 سالہ ایملی کیر نے اپنی بہترین فارم کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے شاندار 80 رنز بنائے ، جس کی مدد سے نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں303 رنزکا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی بیٹنگ لائن کیرکے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ انہوں نے24 ویں اوور میں مسلسل تین گیندوں پر ایڈل زیمونو، آڈرے مزویشایا اور ٹنڈائی ماکوشا کو آؤٹ کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔کیر نے مجموعی طور پر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جو ان کے کیریئرکی تیسری فائیو وکٹ ہال ہے ۔ اس ہیٹ ٹرک کے ساتھ ایملی کیر نے کئی اہم اعزازات اپنے نام کیے ۔وہ ونڈے کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والی تیسری نیوزی لینڈ خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ ان سے قبل آخری بار یہ کارنامہ 1996 میں انجام دیا گیا تھا۔عالمی سطح پر وہ ویمنز ونڈے تاریخ میں ہیٹ ٹرک کرنے والی14 ویں بولر بن گئی ہیں۔ کیرکو میچ اور سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے تین میچوں کی اس سیریز میں مجموعی طور پر 140 رنز بنائے اور حیران کن طور پر16 وکٹیں حاصل کیں۔یہ سیریز آئی سی سی ویمنز چمپئن شپ کا حصہ تھی، جہاں زمبابوے پہلی بار بطور شرکت کنندہ کھیل رہی ہے ۔ اگرچہ زمبابوے کو کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اس ٹورنمنٹ میں شرکت ان کی ویمنز کرکٹ کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے ۔