ایم ایل اے ہرمیت سنگھ پولیس حراست سے فرار

   

پٹیالہ، 02 ستمبر (یو این آئی) پنجاب کے پٹیالہ کی سَنّور اسمبلی سیٹ سے عام آدمی پارٹی(اے اے پی)کے رکن اسمبلی ہرمیت سنگھ پٹھان ماجرا منگل کے روز پولیس حراست سے فرار ہو گئے ۔ ایم ایل اے کو آج صبح ہریانہ کے کرنال سے جنسی استحصال کے مبینہ الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس پٹھان ماجرا کو گرفتار کر کے پنجاب لا رہی تھی، اسی دوران وہ اپنے ساتھیوں کی مدد سے پولیس حراست سے بھاگ نکلے ۔ ذرائع کے مطابق پٹھان ماجرا اپنے ساتھیوں کے ساتھ ایک فورچیونر اور اسکارپیو گاڑی میں فرار ہوئے ۔ ان کے حامیوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔ ایک دن قبل ہی انہوں نے سیلاب سے متعلق ریلیف کے کاموں کے حوالے سے اپنی ہی حکومت نکتہ چینی کی تھی اور‘‘دہلی لابی’’پر پنجاب کے معاملات میں مداخلت کا الزام لگایا تھا۔ ذرائع کے مطابق پٹھان ماجرا کے خلاف پیر کی شام بھارتیہ نیائے سنہیتا کی دفعہ 376 (زیادتی) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا اور ان کی سیکورٹی واپس لے لی گئی تھی۔ گرفتاری سے پہلے پٹھان ماجرا نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ‘‘پنجاب پولیس نے میری سابقہ بیوی سے متعلق ایک پرانے معاملے میں معاملہ درج کیا ہے ۔ یہ کیس زیرک پور کی ایک خاتون کی شکایت پر درج کیا گیا ہے ۔
جس نے کہا ہے کہ وہ اور میں 2013-14 میں سوشل میڈیا پر ملے تھے اور 2021 میں ہم نے شادی کر لی تھی۔پٹھان ماجرا کو مارچ 2022 میں پٹیالہ کی سَنّور سیٹ سے الیکشن لڑنے کا موقع ملا تھا۔ بعد میں، 23 اگست 2022 کو اس خاتون نے پنجاب ہائی کورٹ میں عرضی دی تھی، جس پر کورٹ نے 2024 میں پولیس کو تحقیقات کا حکم دیا۔