ایم ایل سی نشستوں میں تلنگانہ مجاہدین سے ناانصافی:ہنمنت راؤ

   

حیدرآباد۔/17 نومبر،( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس نے ایم ایل سی انتخابات میں تلنگانہ تحریک کے سپاہیوں اور پسماندہ طبقات کو نظرانداز کردیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ 6 نشستوں میں 4 نشستیں اعلیٰ طبقات کو الاٹ کی گئیں۔ ایس سی اور بی سی طبقہ کو برائے نام نمائندگی دی گئی ہے۔ حضورآباد کے نتیجہ کے بعد چیف منسٹر کو چاہیئے تھا کہ وہ کمزور طبقات کو ترجیح دیتے لیکن کے سی آر کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی اے ایس عہدیدار کا عوامی خدمت چھوڑ کر سیاست میں داخل ہونا معنیٰ خیز ہے۔ریٹائرڈ عہدیدار اگر سیاست میں حصہ لیں تو بات سمجھ میں آتی ہے لیکن وینکٹ رام ریڈی نے رضاکارانہ سبکدوشی اختیار کی اور انہیں اندرون 24 گھنٹے ایم ایل سی کی نشست دی گئی۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ امیدواروں میں خاتون، نوجوان اور اقلیت شامل نہیں ہیں۔ر
انہوں نے کہا کہ سریکانت چاری نے تلنگانہ کیلئے سب سے پہلے اپنی جان کی قربانی دی تھی ان کے خاندان میں سے کسی فرد کو ایم ایل سی نشست دے کر شہیدان تلنگانہ کو خراج پیش کیا جاسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کمزور طبقات اس ناانصافی کا انتخابات میں بدلہ لیں گے۔ر