جامعہ نظامیہ کے فارغین کو اندراج کی سہولت فراہم کرنے پر زور ۔ الیکشن کمیشن کو مکتوب کی روانگی
حیدرآباد۔ قانون ساز کونسل کی گریجویٹ نشست حیدرآباد‘ محبوب نگر اور رنگاریڈی پر مشتمل ہے اور اگر اس پر مسلم گریجویٹ ووٹر لسٹ میں اپنے ناموں کا سنجیدگی سے اندارج کروائیں تو اس پر بی جے پی کو کامیاب ہونے سے روکا جاسکتا ہے۔ الیکشن کمیشن کو جامعہ نظامیہ کی جانب سے مکتوب روانہ کرکے خواہش کی گئی کہ جامعہ نظامیہ کے فاضل کو جامعہ عثمانیہ نے مماثل گریجویٹ قرار دیا ہے ۔ اس پر احکامات بھی جاری کئے جا چکے ہیں لیکن الیکشن کمیشن کی جانب سے فاضلین جامعہ نظامیہ کی گریجویٹ فہرست رائے دہندگان میں شمولیت کیلئے داخل آن لائن درخواستوں کو قبول نہیں کیا جا رہاہے جو ناانصافی ہے۔ گریجویٹ کونسل نشست کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن نے 31 ڈسمبر تک فہرست رائے دہندگان میں اندراج کیلئے درخواست داخل کرنے سہولت فراہم کی ہے لیکن دینی مدارس کے فارغین اس سے استفادہ نہیں کر پا رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کوئی وضاحت نہیں کر رہا ہے لیکن شہر میں کئی دینی مدارس کے فاضلین کو مماثل گریجویٹ قرار دیا گیا ہے کیونکہ ان کا تعلیمی معیار اور نصاب گریجویٹ سے کم نہیں ہے۔ جامعہ نظامیہ کو تلنگانہ کی معروف جامعہ عثمانیہ نے فاضل کو گریجویٹ کے مماثل قرار دیا ہے جبکہ المعہد الدینی العربیہ کو مولانا آزاد نیشنل یونیورسٹی نے فاضل کی سند کے مماثل گریجویٹ تسلیم کرکے پوسٹ گریجویشن میں داخلہ شروع کردیا ہے۔ اسی طرح جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآبادکے فاضلین کو بھی مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی جانب سے مماثل گریجویٹ تسلیم کیا گیا ہے۔ جامعۃ المومنات کے فاضلین کو ملک کی 8جامعات کی جانب سے گریجویٹ کے مماثل تسلیم کیا گیا ہے جن میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ‘ یونیورسٹی آف مدراس‘ جامعہ ہمدرد‘ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ‘ جامیہ ملیہ‘ یونیورسٹی آف الہٰ آباد‘ جامعہ اردو علی گڑھ کے علاوہ دیگر جامعات شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کو اس میں فوری فیصلہ کرکے یو جی سی کی جانب سے مسلمہ یونیورسٹی اگر کسی سند کو گریجویٹ کے مماثل قبول کرتی ہے تو اسے فوری فہرست رائے دہندگان میں شامل کرنے کے سلسلہ میں واضح احکامات جاری کرنے چاہئے تاکہ دینی مدارس کے فارغین و فاضلین کا اندراج یقینی ہوسکے ۔ مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری امیر جامعہ نظامیہ کی جانب الیکشن کمیشن کے علاوہ صدرنشین تلنگانہ پبلک سروس کمیشن کو مکتوب روانہ کرکے واقف کروایا گیا کہ جامعہ عثمانیہ کے علاوہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے جامعہ نظامیہ کے فاضلین کو گریجویٹ کے مماثل قرار دیا ہے اسی لئے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کے علاوہ دیگر امور کے سلسلہ میں ضروری وضاحت کے ساتھ احکام کی اجرائی عمل میں لائی جائے۔