ای ڈی کی کارروائی، 100 کروڑ مالیتی سونا اور ڈائمنڈس ضبط
حیدرآباد ۔ 19 اکتوبر (سیاست نیوز) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے منگل کی رات ایم بی ایس جویلرس کے مینیجمنگ ڈائرکٹر سوکیش گپتا کو منی لانڈرنگ کیس کے سلسلہ میں گرفتار کرلیا۔ ای ڈی کی جانب سے پوچھ تاچھ کے بعد دو دنوں کے دوران تلاشی مہم کے دوران بھاری مقدار میں سونا ضبط کیا گیا۔ ایم بی ایس جویلرس اور اس کے پروموٹرس سوکیش گپتا اور انوراگ گپتا کے تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں مکانات اور دفاتر پر دھاوے کئے گئے اور تلاشی کے دوران انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے آفیسرس نے تقریباً 100 کروڑ روپے مالیتی سونا اور ڈائمنڈس ضبط کئے۔ حیدرآباد میں 504 کروڑ مالیتی ایم ایم ٹی سی دھوکہ دیہی کیس کے سلسلے میں حیدرآباد، وجئے واڑہ اور گنٹور میں ایم بی ایس جویلرس اور ایم بی ایس امپیکس کے خلاف یہ کارروائی کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ تلاشی کے دوران کئی جائیداد کے دستاویزات بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ بے نامی معاملتوں کے ضمن میں محکمہ انکم ٹیکس سے تعاون حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔