ممبئی: انٹرنیٹ پر ایک پان خوب وائرل ہو رہا ہے۔ اس پان کی قیمت تقریباً ایک لاکھ روپے کے آس پاس بتائی جا رہی ہے۔ پان ہمیشہ سے ہندوستانی ثقافت اور زندگی کا خاص حصہ رہا ہے۔ یہ شاہی گھرانوں اور عام آدمی کے درمیان اپنا یکساں مقام رکھتا ہے۔ کوئی خاص دعوت ہو یا پھر روز مرہ کی زندگی پان کا چلن عام و خاص میں یکساں مقبول ہے۔ ملک کے کئی حصوں میں بہت سی پان کی آبائی دکانیں ہیں، جس سے لوگ نسل در نسل اسی پیشہ سے وابستہ ہیں۔ سوشل میڈیا پر مختلف ذائقوں کے پانوں کے ویڈیوز وائرل ہوتے رہتے ہیں لیکن اس پان کی قیمت نے لوگوں کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی ہے۔ممبئی کے ماہیم کی ایک پان کی دکان اس مہنگے پان کو بیچ رہی ہے۔ اس پان کی دکان کے مالک ایم بی اے گریجویٹ نوشاد شیخ ہیں۔ نوشاد نے کارپوریٹ کمپنیوں کی تمام آفرز کو ٹھکرا کر اپنی آبائی پان کی دکان پر بیٹھنا پسند کیا۔ نوشاد بتاتے ہیں کہ اس پان کا نام ‘‘فریگرنس آف لو پریمیئم پان’’ ہے، یہ سونے کے ورق کی سجاوٹ کے سبب اتنا مہنگا ہے۔ عموماً شادی کی رات کے لیے مخصوص یہ خاص پان نوبیاہتا جوڑے کو بہت پسند آتا ہے۔ کیونکہ کہا جاتا ہے کہ یہ پان جوش و خروش بڑھا دیتا ہے۔