اینڈرسن 700 وکٹوں کے حصول کیلئے پرعزم

   

ساؤتیمپٹن۔ٹسٹ کرکٹ میں600 وکٹیں حاصل کرنے والے انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ ایلیٹ 700 وکٹ کے کلب میں شامل ہوسکتے ہیں ۔38 سالہ اینڈرسن سے یہ قیاس لگائے جارہے تھے کہ وہ اس موسم گرما میں 600 وکٹیں لینے کے بعدکرکٹ سے سبکدوش ہوجائیں گے لیکن انہوں نے کہا ہے کہ ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے اور وہ اس وقت سبکدوشی کے بارے میں نہیں سوچ رہے ہیں۔ پاکستان کے خلاف تیسرا اورآخری ٹسٹ میچ ڈرا ہونے کے بعد اینڈرسن نے کہاکہ ان کے پاس ابھی بہت زیادہ کرکٹ باقی ہے اور وہ مستقبل میں700 وکٹیں حاصل کرسکتے ہیں۔دنیا کے بہترین تیز بولرز میں سے ایک اینڈرسن نے ساوتھمپٹن ٹسٹ میچ کے آخری دن اپنے کپتان جو روٹ کے ہاتھوں سلپ میں پاکستان کے کپتان اظہر علی کو کیچ آوٹ کرواتے ہوئے اپنی600 ویں وکٹ حاصل کی ۔ اینڈرسن نے اپنے 156 ویں میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا۔اینڈرسن یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے پہلے فاسٹ بولر اور مجموعی طور پر چوتھے بولر بن گئے ہیں۔ اینڈرسن سے قبل یہ کارنامہ ہندوستان کے انیل کمبلے (619) ، آسٹریلیا کے شین وارن(708) اور سری لنکا کے متھیا مرلی دھرن(800) نے انجام دیا ہے۔اینڈرسن نے کہا کہ میں نے اس بارے میں کپتان جو روٹ سے بات کی ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ وہ مجھے آسٹریلیا کے خلاف اگلے سال کی ایشز سیریز میں دیکھنا چاہیں گے ۔ مجھے ٹیم میں شامل نہ ہونے کی ایسی کوئی وجہ نظر نہیں آرہی ہے ۔ میں ہمیشہ کی طرح اپنی فٹنس پر توجہ دے رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں اس موسم گرما میں جس طرح سے کرنا چاہتا تھا ایسی بولنگ نہیں کرسکا تھا لیکن اس ٹسٹ میں میں نے محسوس کیا کہ میں اب بھی اس ٹیم میں اہم رول ادا کر سکتا ہوں۔ جب تک میں اس طرح محسوس کرتا ہوں ، میں کھیل جاری رکھنا چاہتا ہوں۔ مجھے نہیں لگتا کہ میں نے ابھی انگلینڈ کے ایک کرکٹر کی حیثیت سے اپنا آخری ٹسٹ میچ جیت لیا ہے۔