اینڈریوسائمنڈز کار حادثہ میں ہلاک

   

سڈنی۔ آسٹریلیائی سابق آل راؤنڈر اینڈریو سائمنڈز شمالی آسٹریلیائی شہر ٹاؤنس ول میں ایک سڑک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ سائمنڈزکی عمر46 سال تھی۔کرکٹ آسٹریلیا نے اتوارکو سائمنڈز کی موت کا اعلان اپنی ویب سائٹ کے ذریعے کیا، جس میں پولیس کے بیان کے علاوہ ہفتے کی رات دیرگئے ہوئے حادثے کی تفصیلات بھی دی گئیں ہیں ۔ ویب سائٹ سائمنڈزکو اپنے بین الاقوامی کیریئر کے سب سے اوپر رہنے کے دوران ایک ہیروکے طور پر بیان کرتی ہے اور آسٹریلیا کے اب تک کے سب سے کامیاب آل راؤنڈرز میں سے ایک ہے۔ ویب سائٹ نے کہا کوئنز لینڈ کے کھلاڑی کی اپنے کیرئیر کے عروج میں بہت زیادہ فین فالوونگ تھی، نہ صرف اس کے جارحانہ کھیل کی وجہ سے بلکہ اس کی شخصیت کی وجہ سے بھی۔سائمنڈز نے آسٹریلیا کے لیے 26 ٹسٹ کھیلے جس میں انہوں نے دو سنچریاں اسکورکیں۔ تاہم وہ ایک ماہر محدود اوورزکے کرکٹر کے طور پر زیادہ پہچانے جاتے ہیں۔ دائیں ہاتھ کے بیٹر نے آسٹریلیا کے لیے 198 ونڈے بین الاقوامی میچ کھیلے اور دو مرتبہ ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے۔ایک کھلاڑی کے طور پر سبکدوش ہونے کے بعد سائمنڈز نے ایک تبصرہ نگارکے طور پر مقبولیت حاصل کی۔کوئنز لینڈ پولیس نے کہا ہے کہ حادثہ ہاروی رینج پر پیش آیا، جو ٹاؤنز ول سے تقریباً 50 کلومیٹر دور ہے۔ پولیس کے بیان کے مطابق ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ کار رات 11 بجے کے بعد ہاروے رینج روڈ پر چلائی جا رہی تھی اور دریائے ایلس پر پل کے قریب الٹ گئی۔ ایمرجنسی سروس کے کارکنوں نے 46 سالہ ڈرائیورکو بچانے کی کوشش کی جوگاڑی میں واحد شخص تھے ۔ تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا۔سائمنڈز کے خاندان نے رازداری کی اپیل کی ہے۔ سابق کپتان ایلن بارڈر نے کہا کہ اسے مچھلی پکڑنا، پیدل سفرکرنا، کیمپنگ کرنا پسند تھا۔ لوگ ان کے انداز کو پسند کرتے تھے۔ تاہم سائمنڈز کو اپنے کیریئر کے آخری مراحل میں اپنے رویے کی وجہ سے حکام کے ساتھ اختلافات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں 2008 میں بنگلہ دیش کے خلاف آسٹریلیا کی ونڈے سیریز سے اس وقت ٹیم سے خارج کردیا گیا تھا جب وہ ٹیم اجلاس میں جانے کے بجائے مچھلی پکڑنے گئے تھے۔ 2009 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کے الکحل قوانین کی خلاف ورزی پر ان کے خلاف تادیبی کارروائی بھی کی گئی تھی۔یہ آسٹریلیائی کرکٹ کی دنیا کے لیے ایک اور بڑا دھکا ہے، جس نے مارچ میں لیگ اسپنر شین وارن اور لیجنڈری وکٹ کیپر راڈ مارش کو بھی کھودیا اور اب آل راونڈر سائمنڈز بھی چل بسے ۔