حیدرآباد ۔ 24 نومبر ( سیاست نیوز)ضلع ورنگل نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (نیٹ) میں زیر تعلیم تقریباً ایک درجن طلباء جو کہ گذشتہ دنوں نیٹ سیکوریٹی اسٹاف گانجہ کا استعمال کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے ۔ ان طلبا کے خلاف نیٹ انتظامیہ نے تادیبی کارروائی کرتے ہوئے انہیں نیٹ (نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی) سے معطل کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ تعلیم کے حصول کے لئے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں داخلہ حاصل کئے ہوئے طلبا کی جانب سے نیٹ کیمپس میں گانجہ کا ستعمال کرتے ہوئے سیکوریٹی اسٹاف کو دوران چیکنگ رنگے ہاتھوں پکڑے جانے کا واقعہ چند دن قتل پیش آیا ۔ اس واقعہ کی روشنی میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی انتظامیہ کی جانب سے ڈین کی قیادت میں دیگر بعض عہدیداروں پر مشتمل ایک تادیبی کارروائی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے پیش آئے واقعہ کی مکمل تحقیقات کروائی گئیں ۔ ان تحقیقات کے دوران طلبا کی جانب سے گانجہ کا استعمال کرنے سے متعلق ثبوت فراہم ہوئے ۔ ادھرتحقیقاتی کمیٹی رپورٹ کو پیش نظر رکھتے ہوئے جملہ 11 طلباء کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے معطل کرنے کے اقدامات کئے گئے ۔ کالج انتظامیہ کے ذرائع نے کہا کہ ملک کے باوقار تعلیمی ادارہ میں ڈسپلین کی برقراری کو اولین ترجیح حاصل رہی ہے اور طلبہ کو صرف نصابی تعلیمی ہی نہیں دی جاتی بلکہ اخلاقی تعلیم اور کردار سازی پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔ طلباء میں اس قسم کی سرگرمیاں برداشت نہیں کی جائیں گی۔